لاہور : پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے مطابق پاکستان سپرلیگ (پی ایس ایل) 2019 کے 34 میچز میں سے آخری 8 میچز پاکستان میں کھیلے جائیں گے۔پی سی بی کی جانب سے جاری کی گئی پریس ریلیز میں پی ایس ایل کے چوتھے ایڈیشن کے شیڈول کا اعلان کیا گیا، جس کے مطابق پاکستان میں کھیلے جانے والے آخری 8 میچز میں سے 3 لاہور اور 5 کراچی میں کھیلے جائیں گے۔کراچی میں کھیلے جانے والے میچز نیشنل اسٹیڈیم کراچی جبکہ لاہور میں کھیلے جانے والے میچز قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن کا افتتاحی میچ 14 فروری کو دفاعی چیمپئنز اسلام آباد یونائیٹڈ اور چھٹی ٹیم کے درمیان کھیلا جائے گا۔شیڈول کے مطابق 14 میچ دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم، 4 ابوظہبی میں واقع شیخ زید اسٹیڈیم اور 8 میچ شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔پی سی بی کی پریس ریلیز میں کہا گیا کہ ’پاکستان کرکٹ بورڈ کا ماننا ہے کہ ایچ بی ایل کی مدد سے پاکستان سپر لیگ ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ واپس لانے کا ایک راستہ ہے‘۔پی سی بی کے جاری بیان میں کہا گیا کہ ‘مقامی حکام کے تعاون سے کراچی اور لاہور میں 8 میچ منعقد کرکے پی سی بی ایک مرتبہ پھر دنیا کو ثابت کر دے گی کہ دنیا کے کسی اور حصے کی طرح پاکستان بھی بین الاقوامی کرکٹ کے لیے محفوظ مقام ہے‘۔پاکستان سپر لیگ کے گزشتہ ایڈیشن میں نئی فرنچائز ‘ملتان سلطانز’ کا اضافہ ہوا تھا لیکن مالی مسائل کے سبب فرنچائز مالکان مقررہ وقت پر ادائیگیوں سے قاصر رہے تھے۔جس کے بعد پی سی بی نے شون پراپرٹی بروکرز کی زیر ملکیت فرنچائز کو ملکیت سے محروم کردیا تھا جس کے بعد ٹیم کے مالکانہ حقوق پی سی بی کو منتقل ہو گئے تھے۔فرنچائز کے مالکانہ حقوق کی فروخت کے لیے ٹینڈر نوٹس جاری کر کے باقاعدہ فرنچائز کو فروخت کیا جائے گا، تاہم اس وقت تک ٹیم کو ’چھٹی ٹیم‘ کے نام سے پکارا جائے گا۔
فیس بک کمینٹ