واشنگٹن:امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر چین کی کورونا وائرس سے نمٹنے کی حکمت عملی کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ یہ وبا امریکہ پر کیا جانے والا ’بد ترین حملہ‘ ہے۔
امریکی صدر نے اس وبا کا موازنہ دوسری جنگ عظیم کے دوران جاپانی افواج کی جانب سے امریکی بحری اڈے پرل ہاربر پر حملے اور نائن الیون کے واقعات سے کیا۔
امریکی انتظامیہ چین کے خلاف اقدامات اٹھانے کے بارے میں سوچ رہی ہے تاہم چین کا کہنا ہے کہ امریکہ یہ سب کورونا وائرس کے خلاف لیے گئے ان کے اپنے اقدامات سے توجہ ہٹانے کے لیے کر رہا ہے۔
وائٹ ہاؤس میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا: ’ہم اپنے ملک پر کیے گئے بد ترین حملے سے گزر رہے ہیں۔ یہ ہم پر کیا گیا اب تک کا بد ترین حملہ ہے۔ یہ پرل ہاربر سے زیادہ برا ہے۔ ورلڈ ٹریڈ سینٹر سے زیادہ برا ہے۔ ایسا حملہ پہلے کبھی نہیں ہوا۔اور ایسا نہیں ہونا چاہیے تھا۔ یہ شروع میں ہی روکا جا سکتا تھا جہاں سے اس کا آغاز ہوا تھا۔ چین میں روکا جا سکتا تھا۔ مگر ایسا نہیں ہوا۔‘
فیس بک کمینٹ

