لندن : دنیا بھر میں کئی اداروں کو غیر معمولی سائبر حملے کا سامنا ہے ۔ ان اداروں کو تاوان وصول کرنے کی خاطر شدید سائبر حملے کا نشانہ بنایا گیا ہے جس سے ہزاروں مقامات پر کمپیوٹر لاک ہو گئے ہیں۔ ان اداروں سے کمپیوٹر کھولنے کے لیے تین سو ڈالر بِٹ کوئن کی شکل میں تاوان کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔امریکا، برطانیہ، چین، روس، سپین، اٹلی اور تائیوان سمیت 74 ملکوں میں اس حملے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ سائبر سکیورٹی کے ماہرین ان واقعات کو ایک مشترکہ حملے کی صورت میں دیکھ رہے ہیں۔ ایک ماہر نے ٹویٹ کیا کہ انھوں نے ہزاروں کمپیوٹروں میں وانا کرائی (WannaCry) نامی رینسم ویئر دیکھا ہے۔ رینسم ویئر وہ کمپیوٹر وائرس ہوتا ہے جس کی مدد سے وائرس کمپیوٹر یا فائلیں لاک کر دیتا ہے اور اسے کھولنے کا معاوضہ مانگا جاتا ہے۔ اینٹی وائرس سافٹ ویئر ایواسٹ کے جیکب کروسٹیک نے کہا: ‘یہ بہت بڑا (حملہ) ہے۔’ ایک اور ماہر نے کہا ہے کہ رینسم ویئر 74 ملکوں میں دیکھا جا چکا ہے اور اس فہرست میں مزید ملک شامل ہو رہے ہیں۔
(بشکریہ:بی بی سی اردو)
فیس بک کمینٹ