نیویارک : امریکہ کے قومی دن کے موقع پر فوجی پریڈ شدید تنقید کے بعد منسوخ کر دی گئی ہے ، امریکی جریدے نیوزویک نے امریکہ کی ایک غیر سرکاری تنظیم کا حوالہ دیتے ہوئے ایک خصوصی فیچر میں امریکی فوجی پریڈ کے غیر معمولی اخراجات کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے ۔ نیوزویک کے مطابق امریکہ میں چالیس ہزار سے زیادہ ریٹائرڈ فوجی بے گھر ہیں اور ایسے موقع پر لگ بھگ دس ملین ڈالر کی خطیر رقم کو فوجی پریڈ پر خرچ کرنا کسی طور بھی قابل قبول نہیں۔فوجی پریڈ کے غیرمعمولی اخراجات پورے ملک کے بے گھر افراد کو دو ہفتہ کھانا کھلانے کے لئے کافی ہیں۔امریکہ کے صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے امریکی افواج کے سربراہان کو جولائی میں امریکہ کے قومی دن پر فوجی پریڈ کے انعقاد کا حکم دیا تھا جسے ملک بھر میں شدید تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ یاد رہے اپنے گزشتہ دورہ فرانس میں صدر ٹرمپ نے فرانسیسی افواج کی پریڈ کا معائنہ کیا تھا اور ناقدین کا خیال ہے کہ وہ اس شو سے بہت متا ثر ہوئے تھے۔
پریڈ جس میں کوئی بھی ہم قدم نہیں، نیو یارک ٹائمز
اپوزیشن کا خیال ہے کہ نہ تو ڈونالڈ ٹرمپ بادشاہ ہیں اور نہ ہی امریکہ ایک غیر سنجیدہ ریاست کہ سڑکوں پر ٹینک چلا کر طاقت کا مظاہرہ کریں۔ "امریکی معیشت کو بیشتر چیلنجوں کا سامنا ہے اور ٹرمپ کی پریڈ میں کوئی بھی ہم قدم نہیں”۔ یہ تھا نیو یارک ٹائمز کا تبصرہ۔ نیو یارک ٹائمز نے مزید لکھا کہ آخری مرتبہ 1991 میں فوجی پریڈ ہوئی جب ہم نے خلیج کی جنگ جیتی۔ فتوحات کے بغیر یہ فضول خرچی بے معنی ہو گی۔ ریپبلکن پارٹی کے نمائندہ ایڈم سمتھ نے کہا ایک ڈیکٹیٹر کے لئے تو یہ ایک شو ہو سکتا ہے مگر کسی جمہوری ملک میں فوجی پریڈ کی کوئی گنجائش نہیں۔ نیویارک ٹائمز کے مطابق متعدد سینٹرز کا خیال تھا کہ اگر پریڈ کا انعقاد ہوا تو اس سے ہماری افواج کا قیمتی وقت اور پیسہ دونوں ضائع ہوں گے۔اخبار کے مطابق ریپبلکن سینیٹر جان کینڈی کا کہنا تھا کہ فوج کو پریڈ کے بہانہ سے سڑکوں پر لانا کسی طور مناسب نہیں اس سے امریکی عوام میں عدم تحفظ کا احساس بڑھے گا۔واشنگٹن پوسٹ نے لکھا "تشویشناک امر یہ ہے کہ صدر ٹرمپ امریکی افواج کا شو منعقد کروا کر قومی مقاصد اور امریکی اقدار کو پس پشت ڈال رہے ہیں”۔ابلاغ میں یہ باور کرایا جا رہا ہے کہ امریکہ کی تاریخ میں سول وار، جنگ عظیم اول و دوم اور خلیج کی جنگ میں فتح کے علاوہ کبھی قومی سطح پر فوجی پریڈ نہیں ہوئی۔ یہی وجہ ہے کہ عراق اور افغانستان سے فوجوں کی واپسی پر بھی ایسا شو نہیں ہوا کیونکہ جنگ میں فتح کے بغیر ایسا کوئی قدم غیر ضروری سمجھا جاتا ہے۔قانون سازوں کی شدید نکتہ چینی کے بعد پنٹاگان نے امریکہ کے قومی دن کے موقع پر فوجی پریڈ کے مجوزہ پروگرام کو منسوخ کر دیا ہے۔
فیس بک کمینٹ