اسلام آباد : پاک وطن کی حفاظت کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہ کرنے کے عزم کے ساتھ باہمت قوم آج یوم دفاع و شہدا بھرپور جوش و جذبے سے منا رہی ہے۔ملک بھر میں یوم دفاع و شہدا کا آغاز نماز فجر کے بعد ملک کی سلامتی اور خوشحالی کے لیے مانگی گئی خصوصی دعاؤں سے ہوا۔6 ستمبر ’یوم دفاعِ و شہدا پاکستان‘ کے موقع پر مادر وطن کو محفوظ بنانے کے لیے اپنی جان کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدا کی یادگاروں پر پھول چڑھائے جارہے ہیں اور فاتحہ خوانی بھی کی جارہی ہے۔دن کے آغاز پر مزار اقبال پرگارڈز کی تبدیلی کی پر وقار تقریب ہوئی، جس میں گیریژن کمانڈر نے شرکت کی اور مزار پر پھول چڑھائے، اس موقع پر مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے نے سلامی دی اور گارڈ تبدیلی کے فرائض بھی انجام دیے۔کراچی میں بھی بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح کے مزار پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب منعقد ہوئی، تقریب کے مہمان خصوصی ایئروائس مارشل ندیم صابر نے مزار قائد پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔اس موقع پر پاک فضائیہ کے چاق و چوبند دستے نے سلامی دی اور گارڈز کی تبدیلی کے فرائض انجام دیے گئے۔یوم دفاع و شہدا کی مناسبت سے اسلام آباد، کراچی، لاہور، کوئٹہ، پشاور ملتان میں بھی یوم دفاع کی مناسبت سے تقاریب منعقد ہوئیں۔مرکزی دارالحکومت اسلام آباد میں نیول ہیڈکوارٹر میں یوم دفاع و شہدا کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں نیول چیف کا پیغام پڑھ کر سنایا گیا، جس میں شہدا کی بے مثال قربانیوں پر انہیں خراج عقیدت پیش کیا گیا۔کراچی میں ملیر کینٹ اور بیس مسرور میں یوم دفاع کی خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جہاں مسلح افواج کے جوانوں نے اپنے شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا اور چاق و چوبند دستوں نے سلامی پیش کی۔تقریب میں ایف 16، جے ایف 17 تھنڈر اور معراج طیاروں نے شاندار فلائی پاسٹ کا مظاہرہ پیش کیا۔لاہور میں یوم دفاع کی مرکزی تقریب فورٹریس اسٹیڈیم میں ہوئی، جس میں گورنر پنجاب چوہدری سرور نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی، اس کے علاوہ وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سمیت اعلیٰ حکام بھی موجود رہے۔پشاور میں یوم دفاع و شہدا کے حوالے سے کرنل شیر خان شہید اسٹیڈیم میں منعقد ہوئی، جس میں اعلیٰ افسران و شہریوں نے شرکت کی۔ تقریب کے مہمان خصوصی کمانڈر الیون کور پشاور لیفٹننٹ جنرل نذیر بٹ تھے جبکہ انسپکٹر جنرل (آئی جی) پولیس محمد طاہر اور آئی جی ایف سی لیاقت علی بھی شریک ہوئے۔بلوچستان کے درالحکومت کوئٹہ میں یوم دفاع کی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال نے شرکت کی اور شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا۔واضح رہے کہ یوم دفاع و شہدا کے حوالے سے مرکزی تقریب جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں ہوگی، جس میں شہدا وطن کو خراج عقیدت پیش کیا جائے گا۔اس تقریب کے مہمان خصوصی وزیر اعظم عمران خان ہوں گے جبکہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ بھی تقریب میں شرکت کریں گے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) میجر جنرل آصف غفور نے پیغام دیا کہ آج یوم دفاع و شہدا ہے، ہمیں آج اپنے شہیدوں کے گھر جانا چاہیے۔
فیس بک کمینٹ