Close Menu
  • مرکزی صفحہ
  • اہم خبریں
    • عالمی خبریں
    • تجزیے
  • English Section
  • ادب
    • لکھاری
    • مزاح
    • افسانے
    • شاعری
    • کتب نما
  • کالم
  • سائنس و ٹیکنالوجی
  • علاقائی رنگ
    • پنجاب
      • لاہور
      • اوکاڑہ
      • خانیوال
      • پاکپتن
      • چکوال
      • جہلم
      • اٹک
      • گوجرانوالا
      • سیالکوٹ
      • گجرات
      • قصور
      • فیصل آباد
      • راولپنڈی
      • نارووال
    • سرائیکی وسیب
      • ملتان
      • ڈی جی خان
      • رحیم یار خان
      • لیہ
      • میانوالی
      • جھنگ
      • بہاول پور
      • راجن پور
      • مظفر گڑھ
      • وہاڑی
      • بہاول نگر
    • سندھ
      • کراچی
    • بلوچستان
      • کوئٹہ
      • ہرنائی
    • خیبر پختونخوا
      • شانگلہ
    • گلگت بلتستان
    • کشمیر
  • کھیل
    • پاکستان سپر لیگ
    • کرکٹ ورلڈ کپ2019
  • تجارت
  • جہان نسواں
  • وڈیوز
    • لایئوٹی وی چینلز
Facebook X (Twitter)
اتوار, مئی 3, 2026
  • پالیسی
  • رابطہ
Facebook X (Twitter) YouTube
GirdopeshGirdopesh
تازہ خبریں:
  • پاک افغان تعلقات اور عالمی تشویش : سید مجاہدعلی کا تجزیہ
  • بموں کو ناکارہ بناتے ہوئے پاسدارانِ انقلاب کے 14 اہلکار ہلاک
  • حیدرآباد کنگز مین سنسنی خیز مقابلے کے بعد ، فائنل میں : اسلام آباد آؤٹ
  • یومَ مئی اور کالونی ٹیکسٹائل ملز کے مزدوروں کی یاد : قریب و دور سے / ڈاکٹر انوار احمد کا کالم
  • کیا پیٹرول مہنگا ہونے کے ذمہ دار شہباز شریف ہیں ؟ ۔۔ نصرت جاوید کا کالم
  • باتھ روم میں خاتون کی ویڈیو بنانے کا الزام، 2 سری لنکن کرکٹرز گرفتار
  • امریکی استعماریت کے مدمقابل ایرانی تسلط کا خواب :سیدمجاہد علی کا تجزیہ
  • پروفیسر ڈاکٹر حسان خالق قریشی ایمرسن یونیورسٹی ملتان کے نئے وائس چانسلر : چارج سنبھال لیا
  • مزدوروں کے عالمی دن پر پیٹرول پھر مہنگا کر دیا گیا: سات روپے لیٹر اضافہ
  • معروف بھارتی گلوکارہ کا میوزک کمپوزر پر جنسی استحصال اور فحش فلموں کے ذریعے بلیک میلنگ کا الزام
  • مرکزی صفحہ
  • اہم خبریں
    • عالمی خبریں
    • تجزیے
  • English Section
  • ادب
    • لکھاری
    • مزاح
    • افسانے
    • شاعری
    • کتب نما
  • کالم
  • سائنس و ٹیکنالوجی
  • علاقائی رنگ
    • پنجاب
      • لاہور
      • اوکاڑہ
      • خانیوال
      • پاکپتن
      • چکوال
      • جہلم
      • اٹک
      • گوجرانوالا
      • سیالکوٹ
      • گجرات
      • قصور
      • فیصل آباد
      • راولپنڈی
      • نارووال
    • سرائیکی وسیب
      • ملتان
      • ڈی جی خان
      • رحیم یار خان
      • لیہ
      • میانوالی
      • جھنگ
      • بہاول پور
      • راجن پور
      • مظفر گڑھ
      • وہاڑی
      • بہاول نگر
    • سندھ
      • کراچی
    • بلوچستان
      • کوئٹہ
      • ہرنائی
    • خیبر پختونخوا
      • شانگلہ
    • گلگت بلتستان
    • کشمیر
  • کھیل
    • پاکستان سپر لیگ
    • کرکٹ ورلڈ کپ2019
  • تجارت
  • جہان نسواں
  • وڈیوز
    • لایئوٹی وی چینلز
GirdopeshGirdopesh
You are at:Home»تجزیے»نصرت جاویدکا تجزیہ:مولانا فضل الرحمان کی تحریک سے پی ٹی آئی کا ممکنہ خسارہ
تجزیے

نصرت جاویدکا تجزیہ:مولانا فضل الرحمان کی تحریک سے پی ٹی آئی کا ممکنہ خسارہ

ایڈیٹرفروری 16, 202412 Views
Facebook Twitter WhatsApp Email
Share
Facebook Twitter WhatsApp Email

’’چین اک پل نہیں‘‘ والا مصرعہ ذہن میں رات سے گونجے چلاجارہا ہے۔ بنیادی وجہ اس کی مولانا فضل الرحمن کی پریس کانفرنس تھی۔ عرصہ ہوا ان سے ملاقات نہیں ہوئی۔ ان کے مزاج سے تھوڑی آشنائی کا مگردعوے دار ہوں۔ موصوف بہت تولنے کے بعد ایک ایک لفظ ادا کرتے ہیں۔ بدھ کی سہ پہر ہوئی پریس کانفرنس سے قبل انہوں نے اپنی جماعت کے سرکردہ رہ نماؤں کے ساتھ ایک نہیں پورے دو دنوں تک طویل صلاح ومشاورت سے اپنی رائے بنانے کی کوشش کی۔طویل مشاورت کے بعد وہ بھی (بھی کے لفظ کو خطِ کشیدہ کے ساتھ پڑھنا ہوگا) یہ کہہ رہے ہیں کہ 8فروری کے انتخابات کے دوران وسیع پیمانے پر دھاندلی ہوئی ہے۔ ’’بھی‘‘ کے لفظ پر میں زور دے رہا ہوں کیونکہ مولانا کی پریس کانفرنس سے قبل فقط عمران خان کی بنائی تحریک انصاف ہی یہ دہائی مچارہی تھی کہ ریاست پاکستان کے تقریباََ تمام اداروں نے ہر جائز وناجائز حربہ اختیار کرتے ہوئے اس کے حمایت کردہ امیدواروں کو واضح اکثریت کے ساتھ کامیاب ہونے نہیں دیا۔ نتائج توقعات کے برعکس نمودار ہونا شروع ہوگئے تو مبینہ طورپر ’’جھرلو‘‘ استعمال کرنے کا منصوبہ بنا۔ نام نہاد فارم-45 پر بے پناہ حلقوں سے آئے نتائج کو یکسرنظرانداز کرتے ہوئے تحریک انصاف کی حمایت سے جیتے شخص کے بجائے دوسرے یا تیسرے نمبر پر آئے امیدوار کی فتح کا اعلان کردیا گیا۔
یاد رہے کہ دھاندلی کا واویلا مچانے کے باوجود تحریک انصاف اس امر کی نفی نہیں کرتی کہ خیبرپختونخواہ میں اس کی حمایت اتنی تگڑی اور گہری تھی کہ ریاستی قوت کو اس کے آگے سرنگوں ہونا پڑا۔ اس صوبے میں آئے نتائج کو آخری لمحات میں تبدیل کرنے کی کوشش نہیں ہوئی۔ اسی باعث تحریک انصاف خیبرپختونخواہ میں صوبائی حکومت تشکیل دینے کو آما دہ نظر آئی۔ علی امین گنڈاپور کو عمران خان نے وزارت اعلیٰ کے عہدے کیلئے نامزد بھی کردیا ہے۔
وفاق میں اس کے برعکس 90کے قریب امیدواروں کی فتح کے باوجود تحریک انصاف وزارت عظمیٰ کے حصول میں دلچسپی لیتی نظر نہیں آرہی۔ حکومت سازی کے برعکس فی ا لوقت اس کی ترجیح عدا لتوں کے ذریعے اپنی ’’چھینی ہوئی‘‘نشستوں کو واگزار کروانا ہے۔ تحریک انصاف کے فیصلہ سازوں کا خیال ہے کہ شورشرابے کے ساتھ عدالتوں میں فریادوں کی بدولت وہ اپنے حمایت یافتہ امیدواروں کی تعداد میں کم از کم مزید 20افراد کا اضافہ کرسکتے ہیں۔سوال مگر یہ اٹھتا ہے کہ جب تک مطلوبہ ہدف حاصل نہیں ہوتا اس وقت تک تحریک انصاف کیا حکمت عملی اپنائے گی۔
نظر بظاہر وفاق میں حکومت سازی پر توجہ دینے کے بجائے تحریک انصاف دھاندلی کا بیانیہ پھیلانے پر توجہ مرکز رکھنا چاہتی ہے۔دریں اثناء اس خواہش کو عملی صورت دینے کی کوشش بھی ہوگی کہ مجلس وحدت المسلمین کے ساتھ کوئی ایسا بندوبست تشکیل پائے جس کے نتیجے میں تحریک انصاف کے حمایت یافتہ امیدواروں کو ملے اجتماعی ووٹوں کی بنیاد پر قومی اسمبلی میں خواتین اور اقلیتوں کے لئے مختص زیادہ سے زیادہ نشستیں حاصل کی جاسکیں۔ ایسا نہ ہوا تو قومی اسمبلی کا اجلاس جس روز طلب ہو اس دن تحریک انصاف کے منتخب اراکین ایوان میں جاکر حلف اٹھانے کے بجائے ریڈزون پہنچ کر دھاندلی کے خلاف دھرنا نما فضا بناسکتے ہیں۔یہ بھی ممکن ہے کہ تحریک انصاف کے منتخب اراکین ایک بڑے ہجوم کے ہمراہ ریڈ زون آئیں۔ان کے اراکین قومی اسمبلی کی عمارت میں حلف لینے داخل ہوجائیں۔ قومی اسمبلی کے گرد مگر ان کے حامی دھاندلی کے خلاف احتجاج برپا کریں اور یوں نئی قومی اسمبلی کی حلف برداری کے دن سے ایک بار پھر دھرنوں کا سلسلہ چل پڑے۔
وفاق میں جو ہونا ہے اسے فی الوقت بھلادیتے ہیں۔آج کے کالم میں توجہ اس سوال پر مبذول رکھنا ہوگی کہ مولانا فضل الرحمن بھی (اور میں ایک بار پھر’’بھی‘‘ پر زور دوں گا) اگر دھاندلی کا واویلا مچارہے ہیں تو اس کا حتمی نقصان کس جماعت کو ہوگا۔ میری عاجزانہ رائے میں اگر مولانا فضل الرحمن نہایت شدت سے چند ٹھوس ثبوتوں کے ساتھ اپنے اس دعوے کو سچا ثابت کرنے میں کامیاب ہوگئے کہ 8فروری کے انتخابات میں سنگین بدعنوانیاں ہوئیں تو اس کا سب سے زیا دہ نقصان تحریک انصاف کو ہوگا۔ وجہ اس کی یہ حقیقت ہے کہ عمران خان کے بدترین مخالف بھی یہ تسلیم کئے بیٹھے ہیں کہ تحریک انصاف کو خیبرپختونخواہ کے عوام نے ا یک بار پھر بھاری اکثریت سے نوازا ہے۔ مذکورہ صوبے میں تحریک انصاف کی اصل حریف مولانا فضل الرحمن کی جے یو آئی تھی۔ وہ اگر دھاندلی کے الزامات ثابت کرنے میں کامیاب ہوگئی تو درحقیقت تحریک انصا ف کو خیبرپختونخواہ میں ملا ’’مینڈیٹ‘‘ بھی متنازع ہوجائے گا۔
اس پہلو پر میرے صحافی دوستوں نے توجہ نہیں دی ہے۔ یہ فرض کرلیا کہ مولانا پھٹ پڑے اور ان کی جانب سے لگائے دھاندلی کے الزامات درحقیقت مسلم لیگ (نون) اور پیپلز پارٹی میں شامل ان کے دیرینہ دوستوں کی جانب سے حکومت سازی کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کردیں گے۔ اس کے علاوہ اس حقیقت کو بھی نظرانداز کیا جارہا ہے کہ دھاندلی کے الزامات فقط تحریک انصاف کی جانب ہی سے نہیں لگائے جارہے۔ مولانا نے دل کی بات زبان پر لانے میں دو دن لگائے ہیں۔ بلوچستان میں تقریباََ ہر جماعت گزشتہ پانچ دنوں سے دھاندلی کے الزامات لگاتے ہوئے اس صوبے کی مرکزی شاہراہوں کو بند رکھے ہوئے ہیں۔خیبرپختونخواہ میں اب فقط مولانا فضل ا لرحمن ہی نہیں بلکہ قوم پرست ایمل ولی خان اور محسن داوڑ کی جماعتیں بھی دھاندلی کے خلاف سڑکوں پر نکل آئی ہیں۔ایسے حالات میں میرے لئے یہ سوچنا ممکن نہیں کہ وفاق نہ سہی، تحریک انصاف کم از کم خیبرپختونخواہ میں صوبائی حکومت تشکیل دینے کے بعد ذرا مطمئن ہوجائے گی۔
(بشکریہ: روزنامہ نوائے وقت)

فیس بک کمینٹ

  • 0
    Facebook

  • 0
    Twitter

  • 0
    Facebook-messenger

  • 0
    Whatsapp

  • 0
    Email

  • 0
    Reddit

Share. Facebook Twitter WhatsApp Email
Previous Articleسید مجاہد علی کاتجزیہ:مولانا فضل الرحمان کی پریشانی کا کوئی حل نہیں!
Next Article 8 فروری کے انتخابات کالعدم قرار دینے کی درخواست سماعت کیلئے مقرر
ایڈیٹر
  • Website

Related Posts

پاک افغان تعلقات اور عالمی تشویش : سید مجاہدعلی کا تجزیہ

مئی 3, 2026

بموں کو ناکارہ بناتے ہوئے پاسدارانِ انقلاب کے 14 اہلکار ہلاک

مئی 2, 2026

حیدرآباد کنگز مین سنسنی خیز مقابلے کے بعد ، فائنل میں : اسلام آباد آؤٹ

مئی 2, 2026

Comments are closed.

حالیہ پوسٹس
  • پاک افغان تعلقات اور عالمی تشویش : سید مجاہدعلی کا تجزیہ مئی 3, 2026
  • بموں کو ناکارہ بناتے ہوئے پاسدارانِ انقلاب کے 14 اہلکار ہلاک مئی 2, 2026
  • حیدرآباد کنگز مین سنسنی خیز مقابلے کے بعد ، فائنل میں : اسلام آباد آؤٹ مئی 2, 2026
  • یومَ مئی اور کالونی ٹیکسٹائل ملز کے مزدوروں کی یاد : قریب و دور سے / ڈاکٹر انوار احمد کا کالم مئی 1, 2026
  • کیا پیٹرول مہنگا ہونے کے ذمہ دار شہباز شریف ہیں ؟ ۔۔ نصرت جاوید کا کالم مئی 1, 2026
زمرے
  • جہان نسواں / فنون لطیفہ
  • اختصاریئے
  • ادب
  • کالم
  • کتب نما
  • کھیل
  • علاقائی رنگ
  • اہم خبریں
  • مزاح
  • صنعت / تجارت / زراعت

kutab books english urdu girdopesh.com



kutab books english urdu girdopesh.com
کم قیمت میں انگریزی اور اردو کتب خریدنے کے لیے کلک کریں
Girdopesh
Facebook X (Twitter) YouTube
© 2026 جملہ حقوق بحق گردوپیش محفوظ ہیں

Type above and press Enter to search. Press Esc to cancel.