Close Menu
  • مرکزی صفحہ
  • اہم خبریں
    • عالمی خبریں
    • تجزیے
  • English Section
  • ادب
    • لکھاری
    • مزاح
    • افسانے
    • شاعری
    • کتب نما
  • کالم
  • سائنس و ٹیکنالوجی
  • علاقائی رنگ
    • پنجاب
      • لاہور
      • اوکاڑہ
      • خانیوال
      • پاکپتن
      • چکوال
      • جہلم
      • اٹک
      • گوجرانوالا
      • سیالکوٹ
      • گجرات
      • قصور
      • فیصل آباد
      • راولپنڈی
      • نارووال
    • سرائیکی وسیب
      • ملتان
      • ڈی جی خان
      • رحیم یار خان
      • لیہ
      • میانوالی
      • جھنگ
      • بہاول پور
      • راجن پور
      • مظفر گڑھ
      • وہاڑی
      • بہاول نگر
    • سندھ
      • کراچی
    • بلوچستان
      • کوئٹہ
      • ہرنائی
    • خیبر پختونخوا
      • شانگلہ
    • گلگت بلتستان
    • کشمیر
  • کھیل
    • پاکستان سپر لیگ
    • کرکٹ ورلڈ کپ2019
  • تجارت
  • جہان نسواں
  • وڈیوز
    • لایئوٹی وی چینلز
Facebook X (Twitter)
جمعہ, اپریل 24, 2026
  • پالیسی
  • رابطہ
Facebook X (Twitter) YouTube
GirdopeshGirdopesh
تازہ خبریں:
  • عمران خان کے ساتھ ناانصافی، سیاسی اعتماد کیسے بحال ہو گا ؟ سید مجاہد علی کا تجزیہ
  • بلوچستان کے ضلع چاغی میں مائننگ کمپنی کی سائٹ پر حملہ، نو افراد ہلاک
  • اسلام آباد کی کرفیو جیسی صورتِ حال میں ’’ خیر کی خبر ‘‘ نصرت جاوید کا کالم
  • ایران کے لیے محدود ہوتے مواقع : سید مجاہد علی کا تجزیہ
  • ارشاد بھٹی معافی مانگ لی : میں لالی ووڈ کوئین ہوں ، معاف کیا : اداکارہ میرا
  • ٹرمپ نے فیلڈ مارشل عاصم منیر اور شہباز شریف کی درخواست پر جنگ بندی میں توسیع کر دی
  • بشیر ساربان ، جانسن اور باقرخانیوں کی کہانی : نصرت جاوید کا کالم
  • امن مذاکرات میں افسوس ناک تعطل : سید مجاہد علی کا تجزیہ
  • جنم ، قلم اور اظہار الم : غلام دستگیر چوہان کی یاد نگاری
  • اسلام آباد میں مذاکرات کی تیاریاں اور غیر یقینی صورتِ حال : جے ڈی وینس آج پاکستان روانہ ہوں گے
  • مرکزی صفحہ
  • اہم خبریں
    • عالمی خبریں
    • تجزیے
  • English Section
  • ادب
    • لکھاری
    • مزاح
    • افسانے
    • شاعری
    • کتب نما
  • کالم
  • سائنس و ٹیکنالوجی
  • علاقائی رنگ
    • پنجاب
      • لاہور
      • اوکاڑہ
      • خانیوال
      • پاکپتن
      • چکوال
      • جہلم
      • اٹک
      • گوجرانوالا
      • سیالکوٹ
      • گجرات
      • قصور
      • فیصل آباد
      • راولپنڈی
      • نارووال
    • سرائیکی وسیب
      • ملتان
      • ڈی جی خان
      • رحیم یار خان
      • لیہ
      • میانوالی
      • جھنگ
      • بہاول پور
      • راجن پور
      • مظفر گڑھ
      • وہاڑی
      • بہاول نگر
    • سندھ
      • کراچی
    • بلوچستان
      • کوئٹہ
      • ہرنائی
    • خیبر پختونخوا
      • شانگلہ
    • گلگت بلتستان
    • کشمیر
  • کھیل
    • پاکستان سپر لیگ
    • کرکٹ ورلڈ کپ2019
  • تجارت
  • جہان نسواں
  • وڈیوز
    • لایئوٹی وی چینلز
GirdopeshGirdopesh
You are at:Home»تجزیے»نصرت جاویدکاتجزیہ۔۔ریکارڈ ساز طارق عزیز
تجزیے

نصرت جاویدکاتجزیہ۔۔ریکارڈ ساز طارق عزیز

ایڈیٹرجون 19, 20200 Views
Facebook Twitter WhatsApp Email
tariq aziz
Share
Facebook Twitter WhatsApp Email

طارق عزیز صاحب سے آخری ملاقات اسلام آباد کے پارلیمانی لاجز میں غالباََ 1998میں ہوئی تھی۔وہ ان دنوں قومی اسمبلی کے رکن ہوا کرتے تھے۔ بہت کم لوگوں کو یاد رہا ہوگا کہ 1997کے انتخابات کے ذریعے اس ایوان میں آنے کے لئے انہوں نے لاہور کے ایک حلقے سے آج کے وزیر اعظم عمران خان صاحب کو شکست سے دو چار کیا تھا۔
بہرحال یہ آخری ملاقات لاہورہی سے آئے ایک اور رکن اسمبلی میاں منیر صاحب کے لئے مختص فلیٹ میں ہوئی تھی۔میاں صاحب کا تعلق مزنگ کی ایک معروف آرائیں فیملی سے تھا۔ان کے ایک بزرگ چودھری محمد حسین طویل عرصے تک ایوب خان کے دور میں ہمارے شہر کے مئیر رہے تھے۔ میں اور میاں صاحب جب بھی یکجا ہوتے تو لاہوری ’’تھڑے بازی‘‘ میں مصروف ہوجاتے۔طارق صاحب خاموش بیٹھے ہم دونوں کی جگت بازی پر زیرلب مسکراتے رہتے۔
اس ملاقات سے چند ہی دن قبل مسلم لیگ (نون) کے متوالوں نے سپریم کورٹ پر یلغارکی تھی۔ میاں منیر اور طارق عزیز حملہ ا ٓوروں میں سب سے نمایاں رہے۔ میاں صاحب کو اس واقعہ کے حوالے سے میں کافی تلخ اور بے ہودہ زبان میں تنقید کا نشانہ بناتا رہا۔ میاں صاحب ’’ڈھیٹ ہڈی‘‘ بنے مجھے ’’ٹھنڈ جگر ٹھنڈ‘‘ کا مشورہ دیتے رہے۔ میاں صاحب کی جند چھڑانے کے لئے طارق صاحب نے بہت مان سے مجھ سے پوچھا:’’آپا جان دا کی حال اے‘‘۔ غضب سے مغلوب ہوا میں پکاراُٹھا کہ میری ساس کو درمیان میں لاکرگفتگو کا رُخ کسی اور جانب موڑنے کی کوشش نہ کی جائے۔طارق صاحب نے میری گستاخی کو کمال بردباری سے نظرانداز کردیا۔
’’آپا جان‘‘ کا ذکر اس لئے آیا تھا کہ ان کا خاندان بھی طارق صاحب کے والد کی طرح قیام پاکستان کے بعد ساہی وال میں آباد ہوا تھا۔ہم شہر ہونے کے ناطے وہ میری بیوی کے ماموں ڈاکٹر مہدی حسن صاحب کے بہت قریبی دوست بھی رہے۔اپنے اپنے شعبوں میں نام کمانے کی جدوجہد کے دوران وہ دونوں لاہور میں ایک ساتھ کئی برسوں تک کرائے کے مکانوں میں بھی رہتے رہے۔میں مگر اس دن بہت بدلحاظ ہوچکا تھا۔
بدھ کی صبح ان کے انتقال کی خبر آئی تو بہت تواتر سے مجھے انتہائی ندامت سے کئی ایسے واقعات یاد آئے جہاں ان کے ساتھ میں نے ہمیشہ بدلحاظی برتی۔ ان واقعات اور اپنے رویے پر غور کیا تو شدت سے احساس ہوا کہ اپنے ’’مغرور‘‘ دِکھتے چہرے مہرے اور رویے کے باوجود وہ کم از کم میرے ساتھ ضرورت سے زیادہ شفقت فرمایا کرتے تھے۔حالانکہ ہماری ملاقاتوں کے ابتدائی برسوں کے دوران ہمارے مابین ’’آپا جان‘‘ جیسا کوئی حوالہ موجود نہیں تھا۔
کہانی 1967سے شروع ہوتی ہے۔ میں ہر جمعہ ریڈیو پاکستان لاہور کے سکول براڈ کاسٹ کے لئے نشر ہوتے کوئزپروگرام میں حصہ لینے کے بعد منہ اٹھائے ریڈیو سٹیشن کے پچھواڑے میں واقعہ پی ٹی وی کے اسٹوڈیوز کی طرف چلاجاتا۔ ان دنوں ٹی وی پروگرام براہِ راست نشر ہوا کرتے تھے۔ ڈراموں یا موسیقی کے پروگراموں کو نشرکرنے سے قبل مگر ان کی ’’کیمرہ ریہرسل‘‘ ضروری تھی تاکہ براہِ راست نشریات میں کوئی گڑبڑنہ ہوجائے۔
میں بہت اشتیاق اور تجسس سے ایسی ریہرسل دیکھتا۔ ان دنوں کے نامی گرامی اداکار بہت شفیق ہوا کرتے تھے۔ میں شکل سے بھی کافی معصوم اور مہذب نظر آتا تھا۔ وہ مجھے بہت توجہ دیتے۔ان ہی دنوں ہر مہینے کی آخری اتوار’’بچوں کا تھیڑ‘‘ کے نام سے ایک ڈرامہ بھی ہوا کرتا تھا جس میں ہر عمر کا کردار جو عموماََ بادشاہوں کی کہانیوں سے متعلق ہوتے بچے ہی ادا کرتے تھے۔آغا ناصر مرحوم کو ریڈیو والوں سے خبر ہوئی کہ میری یادداشت بہت اچھی ہے۔لاہوری ہوتے ہوئے بھی قینچی والے ’’قاف‘‘ کو درست ادا کرتا ہوں۔ان ’’صلاحیتوں‘‘ کی بنیاد پر مجھے سب سے لمبی لائنیں بولنے والے شخص کا کردار ’’زبردستی‘‘ تھمادیا جاتا۔ میں بجائے ریہرسل پر توجہ دینے کے ٹی وی نشریات کے لئے نصب آلات کی ’’سائنس‘‘سمجھنے میں مشغول رہتا۔
طارق عزیز صاحب پی ٹی وی کے پہلے اناؤنسر ہونے کی وجہ سے ان دنوں بھی اساطیری شہرت حاصل کرچکے تھے۔ لوگوں سے عموماََ فاصلہ رکھتے۔مجھے لیکن کئی بار خود بہت محبت سے اپنے ساتھ بٹھایا۔بہت شفقت سے قائل کرنے کی کوشش کی کہ میں کیمرے سے گھبراتا نہیں ہوں۔میرے اندر بے پناہ اعتماد ہے۔تلفظ حیران کن حد تک درست ہے۔میں اگر ڈرامے کے ہنر پر بھرپور توجہ دوں تو بہت کامیاب ثابت ہوسکتا ہوں۔میں ان کے ’’لیکچر‘‘ سے جان چھڑانے کی کوشش کرتا۔
میٹرک کا امتحان دیا تو میری آواز میں وہ تبدیلیاں آنا شروع ہوگئیں جوہر مرد کو بلوغت کے ساتھ ملتی ہیں۔ ان دنوں بھی طارق صاحب ایک ریہرسل کو دیکھنے کے بعد مجھے ایک درخت کے نیچے رکھی کرسیوں پر لے گئے۔ سموسے کھلواتے ہوئے انہوں نے مجھے کئی Tipsدیں جن پر عمل کرتے ہوئے میری آواز بلوغت کے مراحل سے گزرکر ’’مائیک کے لئے‘‘ بہت ہی توانا ثابت ہوسکتی ہے۔بلوغت کی طرف بڑھتے ہوئے لیکن میں اقبالؔ کے اتباع میں ’’اپنی دنیا آپ پیداکر…‘‘ والے جنون میں مبتلا ہوچکا تھا۔انتہائی رعونت سے طارق صاحب کو آگاہ کیا کہ میں ’’راگ درباری‘‘ گانے میں دلچسپی نہیں رکھتا۔ بدلحاظ ہوئے گویا انہیں پیغام یہ دیا کہ وہ اپنے قیمتی مشورے کسی اور کے لئے سنبھال رکھیں۔ میری ان سے بدلحاظی کے اوربھی کئی واقعات ہیں۔انہیں دہراتے ہوئے شرمسار ہی ہوں گا۔
اپنی ’’بدلحاظی‘‘ یا دکرنا آپ کو یہ بتانے کے لئے ضروری تصور کیا کہ طارق صاحب کا فن کی دُنیا میں محض ’’تکا‘‘ ہی نہیں لگاتھا۔ انہوں نے جنونی لگن سے اپنی آواز کو بے پناہ لگن اور مشقت کے بعد اس قابل بنایاکہ ’’دیکھتی آنکھوں اور سنتے کانوں‘‘ کو مخاطب کرتے ہی ان کی بھرپور توجہ حاصل کرلیتے۔ بہت لوگوں کی آواز دل موہ لیتی ہے۔صدا کاری کے شعبے میں آئیں تو Stress/Pauseکی گرائمر سے کھیلتے ہوئے وہ انسانی جذبات کی بے تحاشہ پرتوں کا بھرپور اظہار کردیتے ہیں۔کیمرے کے سامنے آتے ہی مگر میں نے ایسے کئی صداکاروں کو ’’پھس‘‘ ہوتے دیکھا ہے۔براہِ راست ٹی وی نشریات میں فقط آواز ہی نہیں چہرے کے تاثرات کو بھی اپنی کامل کمانڈ میں رکھنا جان جھوتھم میں ڈالنے کے برابر ہوتا ہے۔طارق صاحب ان سب حوالوں سے بے نظیر تھے۔
ان جیسے فن کاروں کو تکنیکی زبان میں Stylishکہا جاتا ہے۔ایسے لوگوں میں ’’اداکار‘‘ بننے کی گنجائش معدوم تر ہونا شروع ہوجاتی ہے۔ وہ اپنی ذات اور شخصیت کو مصنف کے لکھے کسی کردار میں کھودینے کے قابل نہیں رہتے۔اپنے منفرد انداز ہی کی وجہ سے طارق صاحب ’’انسانیت‘‘ جیسی کامیاب فلم میں رونما ہونے کے باوجود فلمی دنیا میں نمایاں مقام حاصل نہیں کر پائے۔ ان کے اندر موجود تڑپ نے مگر انہیں بالآخر یہ دریافت کرنے میں مدد دی کہ ٹیلی وژن اپنے تئیں ایک جدا میڈیم ہے۔اس میڈیم کی اپنی گرائمر ہے۔اس کے ذریعے ہی خود کو Entertainerثابت کرنا ہوگا۔
ٹیلی وژن کی منفرد اور جداگانہ مبادیات کو جبلی طورپر جانتے ہوئے طارق عزیز صاحب نے فلموں میں ’’ناکام‘‘ ہوجانے کے باوجود غالباََ 1975سے ’’نیلام گھر‘‘ کاآغاز کیا تو لاہوری زبان والے ’’چھاچھو‘‘ گئے۔اس پروگرام کا ذکر کرتے ہوئے ہمیں اس کے مرحوم پروڈیوسر عارف رانا کو بھی یاد رکھنا ہوگا۔ رانا صاحب کا تعلق بھی ساہی وال سے تھا۔ان دونوں کی یکساںلگن سے ’’نیلام گھر‘‘ کھڑکی توڑ ہوا۔
اس شو نے لوگوں کو فقط Entertainہی نہیں کیا۔علم ،کتاب اور شعر سے محبت بھی سکھائی۔ تفریح اور علم کا ملاپ بالآخر ’’پاکستان زندہ باد‘‘ کے پُرجوش نعرے سے ہوتا۔ وطنِ سے بے پناہ محبت کے جذبات بھی ’’نیلام گھر‘‘ کے ناظرین میں کم عمری ہی سے جاگزین ہوجاتے۔
طارق صاحب کے انتقال کے بعد بہت سے لوگوں نے ٹویٹر وغیرہ پر ان کی ’’سیاست‘‘ بھی زیر بحث لانا چاہی۔ ان کی پنجابی شاعری کا ذکر بھی ہوا۔ نہایت دیانت داری کے ساتھ میں یہ اصرار کرنے کو مجبور ہوں کہ طارق صاحب فقط ٹیلی وژن کے آدمی تھے۔ان کی شخصیت ٹی وی میڈیم کے ہنر سے متعلق تمامتر’’باریکیوں‘‘ کا مجسم اظہا ر تھی۔اسی تناظر میں دیکھیں تو شاید Larry Kingکے علاوہ دُنیا بھر میں کوئی ایسا Showmanنہیں ہوا جو تقریباََ چالیس برس تک ایک ہی Formatمیں سکرین پر رونق لگارکھنے کے قابل ہو۔طارق صاحب اس لئے بھی منفرد رہے کہ وہ ایک یادومہمانوں سے گفتگو نہیں کرتے تھے۔ان کا شوعام شہریوں کے تمام طبقات کی نمائندگی کرتے ہجوم کے روبرو ریکارڈ یا براہِ راست نشرہوتا تھا۔اتنی بڑی Audienceکے ساتھ اپنے شو کو پہلے سے طے شدہ ٹائم لائن پرچلائے رکھنا بڑے سے بڑے Entertainerکے بس کی بات نہیں۔طارق عزیز اس ضمن میں ایک ہی تھے۔ ان جیسا کم از کم میری عمر والوں کو آنے والے دنوں میں دیکھنا نصیب نہیں ہوگا۔ ان کی روح کے ایصال ثواب کی دُعا مانگتے ہوئے میں ان کے ساتھ برتی بدلحاظیوں کے بارے میں بھی دل کی اتھاہ گہرائیوں سے شرمندہ محسوس کررہا ہوں۔
(بشکریہ: روزنامہ نوائے وقت)

فیس بک کمینٹ

  • 0
    Facebook

  • 0
    Twitter

  • 0
    Facebook-messenger

  • 0
    Whatsapp

  • 0
    Email

  • 0
    Reddit

ریڈیو پاکستان ریڈیو پاکستان لاہور طارق عزیز
Share. Facebook Twitter WhatsApp Email
Previous Articleپنشن والوں کی آہ جاتی ہے فلک پر رحم لانے کیلئے۔۔کشور ناہید
Next Article جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کیس۔۔ فیصلہ آج شام چار بجے سنایا جائے گا
ایڈیٹر
  • Website

Related Posts

معروف نیوز کاسٹر ثریا شہاب کو ہم سے بچھڑے پانچ برس بیت گئے

ستمبر 13, 2024

کبھی ہم بھی خوبصورت تھے ،نامور گلوکارہ نیرہ نور کوہم سے بچھڑے دوبرس بیت گئے

اگست 21, 2024

نیلام گھر کے میزبان طارق عزیز کی چوتھی برسی کل منائی جائے گی

جون 16, 2024

Comments are closed.

حالیہ پوسٹس
  • عمران خان کے ساتھ ناانصافی، سیاسی اعتماد کیسے بحال ہو گا ؟ سید مجاہد علی کا تجزیہ اپریل 24, 2026
  • بلوچستان کے ضلع چاغی میں مائننگ کمپنی کی سائٹ پر حملہ، نو افراد ہلاک اپریل 23, 2026
  • اسلام آباد کی کرفیو جیسی صورتِ حال میں ’’ خیر کی خبر ‘‘ نصرت جاوید کا کالم اپریل 23, 2026
  • ایران کے لیے محدود ہوتے مواقع : سید مجاہد علی کا تجزیہ اپریل 22, 2026
  • ارشاد بھٹی معافی مانگ لی : میں لالی ووڈ کوئین ہوں ، معاف کیا : اداکارہ میرا اپریل 22, 2026
زمرے
  • جہان نسواں / فنون لطیفہ
  • اختصاریئے
  • ادب
  • کالم
  • کتب نما
  • کھیل
  • علاقائی رنگ
  • اہم خبریں
  • مزاح
  • صنعت / تجارت / زراعت

kutab books english urdu girdopesh.com



kutab books english urdu girdopesh.com
کم قیمت میں انگریزی اور اردو کتب خریدنے کے لیے کلک کریں
Girdopesh
Facebook X (Twitter) YouTube
© 2026 جملہ حقوق بحق گردوپیش محفوظ ہیں

Type above and press Enter to search. Press Esc to cancel.