نیو یارک : پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) چیئرمین عمران خان کی سابقہ اہلیہ ریحام خان نے تیسری شادی امریکا میں کر لی۔ریحام خان نے اپنے آفیشل ٹوئٹر اور انسٹاگرام اکاؤنٹ پر پوسٹ اپ ڈیٹ کرتے ہوئے شادی کا اعلان کیا ہے۔ریحام خان کی جانب سے شادی کے باقاعدہ اعلان کے بعد ان کے فالورز کی جانب سے مبارک باد کا سلسلہ جاری ہے۔
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) چیئرمین عمران خان کی سابقہ اہلیہ اور برطانوی صحافی ریحام خان کے تیسرے شوہر کی تصویر بھی منظر عام پر آگئی۔ریحام خان کی جانب سے شیئر کی گئی تصاویر میں انہیں سفید میکسی جبکہ ان کے شوہر کو ڈارک مہرون تھری پیس سوٹ میں دیکھا جاسکتا ہے۔ریحام خان نے اپنے فیس بُک اکاؤنٹ پر طویل پوسٹ شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ ان کے تیسرے شوہر مرزا بلال بیگ ان سے 13 سال چھوٹے ہیں۔ ان دونوں کے نکاح میں ریحام خان کے بیٹے ساحر رحمان وکیل بنے، جس پر وہ اپنے بیٹے کی مشکور ہیں۔
انہوں نے اپنی طویل پوسٹ میں اپنے تیسرے شوہر مرزا بلال بیگ کے والدین کا بھی شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے کُھلے دل سے انہیں اور ان کے بچوں کو خاندان کا حصہ بنایا۔
دونوں نے قریبی رشتہ داروں اور دوست احباب کی موجودگی میں شادی کی ہے اور مستقبل کے لئے دعاؤں کی اپیل کی ہے۔ریحام خان نے اپنے نکاح کی تصویر ٹوئٹر پر بھی شیئر کرتے ہوئے مرزا بلال بیگ کو ٹیگ کیا ہے، جس میں انہیں نکاح کے بعد دعا کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔ ان کی شادی کی مختصر تقریب امریکا میں منعقد کی گئی۔ریحام خان اپنے سابقہ تلخ تجربات کے بعد اب اپنی تیسری شادی سے پُر امید ہیں۔

