لاہور : سینیئر صحافی اور نام ور نعت گو شاعر سعید بدر طویل علالت کے بعد جمعہ کی شام لاہور میں انتقال کر گئے ، ان کی عمر 82 برس تھی سعید بدر سینئر صحافی استاد اور دانشور زابر سعید کے والد تھے ۔
سعید بدر نے روزنامہ امروز لاہور میں جمعہ میگزین کے انچارج کی حیثیت سے طویل عرصہ تک خدمات انجام دیں وہ 1983 سے 1993 تک امروز سے منسلک رہے اس کے علاوہ وہ جنگ لاہور کا اجرا کرنے والی ٹیم میں بھی شامل تھے ۔ انہوں نے امروز میگزین کے کئی یاد گار نمبر شائع کئے جن میں کلاسیکل پنجابی شعراء وارث شاہ ، بلھے شاہ ، اور شاہ حسین کے بارے میں ان کے شائع کئے ہوئے خاص نمبر دستاویزی اہمیت کے حامل ہیں ۔ ان کے والد حکیم محمد یعقوب منیر عظیمی پنجابی زبان کے بہت معروف صاحب دیوان شاعر ہونے کے ساتھ ساتھ تحریک پاکستان کے ممتاز رہنما اور دینی شخصیت بھی تھے۔
سعید بدر کا معروف نعت گو شعراء میں شمار ہوتا ہے ،ان کی نعتوں کےدو مجموعے شائع ہوئے ۔ پہلا نعتیہ مجموعہ عرضِ تمنا 2013 میں شائع ہو کر وزارت مذہبی امور سے سیرت ایوارڈ حاصل کر چکا ہے ۔سجدہ شوق سعید بدر کا دوسرا نعتیہ مجموعہ ہے جو اسی برس منظر عام پر آیا ۔ان کی نعتوں میں عقیدت و محبت کے حسین رنگ دیکھنے کو ملتے ہیں ، سعید بدر نے جہاں آقائے نامدارﷺ کی تعریف و توصیف کے لئے عمدہ الفاظ اور باادب انداز کا انتخاب کیا ہے وہیں اُن کی اکثر نعتوں میں طیبہ حاضری کی لگن ، اور وہاں سے واپس آتے ہوئے دل کی کیفیات کا اظہار بھی ملتا ہے۔
فیس بک کمینٹ