دبئی : ٹی20 ورلڈ کپ میں نیوزی لینڈ نے یکطرفہ مقابلے کے بعد بھارت کو سیمی فائنل کی دوڑ سے تقریباً باہر کر دیا ۔ بھارت کو اب سیمی فائنل تک رسائی کے لیے باقی میچوں کے نتائج پر انحصار کرنا پڑے گا ۔
بھارت کی شکست پر پاکستان میں جشن کا سماں ہے ۔
بھارت نے نیوزی لینڈ کو فتح کے لیے 111 رنز کا آسان ہدف دیا جو نیوزی لینڈ نے آسانی سے حاصل کر لیا ۔
ہدف کے تعاقب میں اوپنرز نے نیوزی لینڈ کو 24 رنز کا آغاز فراہم کیا لیکن پھر مارٹن گپٹل بمراہ کی سلو گیند کو سمجھ نہ سکے اور 20 رنز بنانے کے بعد کیچ ہو گئے۔ڈیرل مچل کا ساتھ دینے کپتان کین ولیمسن آئے اور دونوں سنھل کر بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کی نصف سنچری مکمل کرا چکے ہیں۔
اس سے قبل دبئی میں کھیلے جا رہے سپر12 راؤنڈ کے میچ میں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر بھارت کو بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔بھارت نے اننگز کا آغاز کیا تو نیوزی لینڈ کے باؤلرز کی نپی تلی باؤلنگ کے سبب انہیں رنز بنانے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور اسی دباؤ کے سبب ایشان کشن باؤنڈری پر کیچ دے بیٹھے۔
ٹرینٹ بولٹ کو اگلی ہی گیند پر ایک اور وکٹ لینے کا موقع ملا لیکن ایڈم ملنے باؤنڈری پر روہت شرما کا کیچ نہ لے سکے۔روہت شرما نے موقع کا فائدہ اٹھاتے ہوئے لوکیش راہل کے ساتھ مل کر اسکور کو 35 تک پہنچایا لیکن اسی اسکور پر راہل کیوی باؤلر ٹم ساؤدھی کو وکٹ دے بیٹھے۔لیکن روہت شرما ڈراپ کیچ کا زیادہ دیر فائدہ نہ اٹھا سکے اور ایک اور چھکا مارنے کی کوشش میں اش سودھی کی گیند پر مارٹن گپٹل کو کیچ دے بیٹھے۔
نیوزی لینڈ کے باؤلرز نے نپی تلی باؤلنگ کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے جس کی وجہ سے بھارتی بلے بازوں کو کھل کر رنز بنانے میں مشکلات کا سامنا ہے۔مشکل وقت میں ویرات کوہلی بھی بھارت کے کام نہ آ سکے اور چھکا مارنے کی کوشش میں ان کی بھی 9رنز کی اننگز اختتام کو پہنچی۔ہاردک پانڈیا اور ریشابھ پنٹ بھی رنز بنانے کے لیے جدوجہد کرتے رہے اور نیوزی لینڈ فیلڈرز نے بھی باؤلرز کا بھرپور ساتھ دیتے ہوئے رنز نہ دیے۔اسکور 71 تک پہنچا ہی تھا کہ بھارت کو پانچواں نقصان اٹھانا پڑا اور ایڈم ملنے کی گیند پر پنٹ اپنی وکٹیں محفوظ نہ رکھ سکے۔نیوزی لینڈ کے باؤلرز کی نپی تلی باؤلنگ اور عمدہ فیلڈنگ کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ جب 17ویں اوور کی آخری گیند پر ہردک پانڈیا نے چوکا مارا تو یہ بھارت کی 71گیندوں کے بعد پہلی باؤنڈری تھی۔ہردک پانڈیا نے 24 گیندوں پر 23 رنز کی اننگز کھیلی لیکن اننگز کے 19ویں اوور میں بولٹ نے انہیں آؤٹ کرنے کے بعد شردل ٹھاکر کو پویلین لوٹا دیا۔آخری اوور میں رویندرا جدیجا کی جانب سے بنائے گئے 11 رنز کی بدولت بھارت کی ٹیم مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 110 رنز بنا سکی۔رویندرا جدیجا بھارت کے سب سے کامیاب بلے باز رہے اور انہوں نے 19 گیندوں پر ایک چھکے اور دو چوکے کی مدد سے 26 رنز بنائے۔نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹرینٹ بولٹ نے 20 رنز کے تین جبکہ اش سودھی نے 17 رنز کے عوض چار وکٹیں لیں۔اس سے قبل نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن نے ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کرنے کی وجہ اوس کو قرار دیا تھا۔
میچ کے لیے بھارتی ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئی ہیں اور سوریا کمار یادیو اور بھوونیشور کمار یہ میچ نہیں کھیل رہے۔بھارت نے ان دونوں کھلاڑیوں کی جگہ ایشان کشن اور شردل ٹھاکر کو فائنل الیون کا حصہ بنایا ہے۔نیوزی لینڈ نے بھی اپنی ٹیم میں ایک تبدیلی کی ہے اور ٹم سیفرٹ کی جگہ ایڈم ملنے کو ٹیم کا حصہ بنایا گیا ہے۔ورلڈ کپ میں دونوں ٹیموں کو اپنے اپنے پہلے میچ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
( بشکریہ : ڈان نیوز )
فیس بک کمینٹ

