ملتان۔:ربیع الاول کے مبارک مہینے کے آغاز پر ملتان میں تبرکات کی ایک روزہ سالانہ نمائش اختتام پذیر ہوگئی۔ نمائش میں سیکڑوں شہریوں نے موئے مبارک ، نعلین مبارک، غلاف کعبہ، مسجد نبوی کے تبرکات ،خلفائے راشدین کے زیراستعمال اشیاءاور بزرگان دین سے وابستہ تین ہزار سے زیادہ تبرکات کی زیارت کی۔
نمائش میں حضرت صدیق اکبرؓ اورحضرت عمر فاروقؓ کے زیراستعمال برتن،حضرت علی کرم اللہ وجہہ کی تلوار، حضرت بی بی فاطمہ الزہرہ ؓکے زیراستعمال برتنوں کے علاوہ حضرت عبدالقادر جیلانی ؒ کا تاج اور مختلف مزارات کی چادروں کے ٹکڑے موجودتھے۔ نمائش کے منتظم ذیشان گیلانی نے اے پی پی سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ یہ تبرکات معروف روحانی شخصیت احمد رضا عطاری کے ذخیرے میں شامل ہیں اور ہرسال ربیع الاول کے پورے مہینے میں یہ اس کی نمائش کااہتمام کرتے ہیں۔
جنوبی پنجاب میں تبرکات کی نمائش کاآغاز 26ستمبر کو صادق آباد سے کیاگیا ۔27ستمبر کو یہ نمائش ڈیرہ غازی خان اور 28ستمبر کو ملتان میںمنعقد ہوئی۔ یکم اکتوبر کو فیصل آباد اوراس کے بعد سیالکوٹ اور دیگر شہروں میں اس کااہتمام کیا جائے گا۔نمائش دیکھنے کے لیے آ ئے ہوئے ایک شہری نے کہاکہ ایسی نمائش ہم جیسے لوگوں کے لیے بہت اہم ہے جو اب تک مقدس مقامات کی زیارت نہیں کرسکے۔انہوں نے کہاکہ گزشتہ برس بھی میں یہ نمائش دیکھنے آیا تھا او راس مرتبہ کچھ نئے دوست بھی میرے ساتھ آئے ہیں۔
فیس بک کمینٹ