ملتان : سالِ نو کے آغاز پرگردو پیش کےقارئین کو دلی مبارک باد اور نیک تمنائیں ۔ پاکستان نے تلخ و شیریں یادوں کے ساتھ سال 2024 کو الوداع جبکہ نئی امیدوں اور عزم کے ساتھ سال 2025 کو خوش آمدید کہا ہے۔دنیا کے مختلف ممالک کے بعد رات 12 بجتے ہی پاکستان میں بھی سال 2025 کا آغاز ہوگیا، گھڑیال میں 12 بجتے ہی ملک کے مختلف شہروں میں آتشبازی کی گئی جس سے آسمان رنگ و نور سے جگمگا اٹھا جبکہ شہریوں نے نئے سال کا خوب جشن منایا۔پاکستانیوں کو امید ہے کہ سال 2025 عوام اور ملک کی بہتری کا سال ہوگا جس میں ترقی کی نئی منازل کو حاصل کیا جائے گا۔سال نو کی آمد کے حوالے سے ملک کے مختلف چھوٹے بڑے شہروں میں آتش بازی اور میوزیکل پروگراموں کا انعقاد کیا گیا۔ گورنر ہاؤس کراچی میں بھی عالمی ریکارڈ قائم کرنے کیلیے آتش بازی کا انعقاد کیا گیا جس کو دیکھنے کیلیے عوام بڑی تعداد میں گورنر ہاؤس پہنچے۔لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں اسموگ سے بچنے کے لیے آتش بازی پرپابندی عائد کی گئی ہے، جبکہ مختلف شہروں میں دفعہ 144 نافذ ہے۔سندھ کے شہر روہڑی میں لینس ڈاؤن برج پرکی جانےوالی آتش بازی دیدنی ہے۔شہر اقتدار اسلام آباد میں ایف ایٹ اور نجی ہاوسنگ سوسائٹی پر بھی جشن کا سلسلہ جاری ہے۔
صدر مملکت کا سال نو پر پیغام
صدر مملکت آصف علی زرداری نے نئے سال کے آغاز پر پاکستانی قوم اور عالمی برادری کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی کیلیے دعا کی۔انہوں نے کہا کہ دعا ہے کہ نیا سال پاکستان قوم کیلئے امن، استحکام، ترقی اور خوشحالی لیکر آئے، اُمید کرتا ہوں کہ نیا سال ترقی و خوشحالی اور عالمی سطح پر امن و استحکام کا سال ہوگا۔صدر مملکت کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ ملک کو درپیش چیلنجز سے نکالنے کیلئے یکجہتی، نظم و ضبط، مسلسل محنت اور لگن کے ساتھ کام کرنا ہوگا، پاکستان کے نوجوانوں کو مواقع فراہم کرکے اُن کی صلاحیتوں کو نکھارنے پر سرمایہ کاری کرنا ہوگی۔آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان کو مضبوط بنانے کیلئے غریب طبقے کی ترقی پر توجہ مرکوز کرنا ہوگی، بحثیت قوم گزشتہ سال کی کامیابیوں اور ناکامیوں کا جائزہ لینے اور ماضی سے سبق حاصل کرنے کی ضرورت ہے۔
فیس بک کمینٹ