چکوال : صوبہ پنجاب کے شہر چکوال میں کلرکہار کے قریب اتوار کی رات مسافر بس کو پیش آنے والے حادثے کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد 14 ہو گئی ہے جبکہ 60 سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔
ریسکیو حکام کے مطابق بس اسلام آباد سے لاہور جا رہی تھی کہ کلرکہار کے قریب حادثے کا شکار ہوئی۔ مقامی پولیس کے مطابق بس میں باراتی سوار تھے۔
ڈپٹی کمشنر چکوال قراۃ العین ملک کے مطابق ’اتوار کی رات تقریباً 9 بجے اسلام آباد سے لاہورجانے والی باراتیوں کی بس سالٹ رینج کے مقام پر بظاہر بریک فیل ہو جانے کے باعث بےقابو ہو گئی اور حفاظتی رکاوٹیں توڑتی ہوئی سڑک کی دوسری جانب لاہور سے اسلام آباد جانے والی گاڑیوں سے جا ٹکرائی۔ حادثے کے نتیجے میں بس سمیت تین گاڑیاں کھائی میں جا گریں۔‘
ڈپٹی کمشنرقراۃ العین کے مطابق ’بس اور کاروں کے تصادم کے نتیجے میں تقریباً 80 سے زائد مسافر متاثر ہوئے جن میں سے بس ڈرائیور سمیت 14 افراد کی موقع پر ہی ہلاک ہو گئے جبکہ 64 سے زائد زخمی ہوئے۔‘
اُن کے مطابق اب تک انتظامیہ 12 مییتیں ورثا کے حوالے کر چکی ہے جبکہ ہلاک ہونے والے دو افراد کی شناخت کا عمل جاری ہے۔
ڈپٹی کمشنرچکوال کے مطابق اس حادثے میں ’اتنی بڑی بس کو کھائی سے نکالنا ایک مشکل عمل تھا اس لیے بس کا کچھ حصہ کاٹنا پڑا جبکہ شدید زخمی افراد کو راولپنڈی کے ہولی فیملی ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔‘
اس حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی گاڑیاں جائے حادثہ پرپہنچ گئیں۔
ریسکیو 1122 چکوال کے ترجمان خرم منظور کے مطابق ’زخمیوں اور ہلاک ہونے والوں کو کھائی سے نکال کر ہسپتال منتقل کرنے کا ریسکیو آپریشن رات تقریبا ساڑھے گیارہ بجے مکمل کر لیا گیا۔ بس میں پھنسے ہوئے افراد کو کٹنگ ٹولز کی مدد سے ریسکیو کیا گیا جبکہ تمام زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد مہیا کرنے کے بعد ٹراما سنٹر کلرکہار منتقل کر دیا گیا ہے۔‘
حکام کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں چھ خواتین بھی شامل ہیں۔
سالٹ رینج کلر کہار کا لگ بھگ 10 کلومیٹر کا حصہ ہے جہاں اس سے قبل بھی بہت مہلک حادثات ہوتے رہے ہیں اس کے باوجود کہ سڑک کے اس حصے پر جابجا وارننگ سائن نصب ہیں جبکہ ٹریفک پولیس بھی اس ایریا میں موجود رہتی ہے اور ڈرائیونگ اصولوں کی خلاف ورزی کرنے والوں کو جرمانے کرتی بھی نظر آتی ہے۔
( بشکریہ : بی بی سی اردو )
فیس بک کمینٹ

