ملتان: جیسے جیسے فروری کامہینہ قریب آرہاہے انتخابی سرگرمیوں میں تیزی آتی جارہی ہے۔ اب جبکہ پولنگ میں کم وبیش دوہفتے باقی ہیں ملتان کے تمام اہم حلقوں میں جوڑ توڑ عروج پرپہنچ گئے ہیں۔ ملتان کا حلقہ این اے 148بھی دیگرحلقوں کی طرح بہت اہمیت کاحامل ہے۔ یہاں سابق وزیراعظم یوسف رضاگیلانی اور مسلم لیگ (ن)کے امیدوار احمد حسین ڈیہڑ کے درمیان کانٹے دارمقابلہ متوقع ہے۔ اس کے علاوہ پاکستان تحریک انصاف نے یہاں سے بیرسٹر تیمور کو ٹکٹ جاری کیا ہے۔یہ حلقہ بوسن روڈ سے شروع ہوتا ہے اور شیر شاہ تک جاتا ہے ۔اس میں نواب پور روڈ کا کچھ حصہ، قادر پورراں،چوک کمہاراں سے ملحقہ علاقے، مظفرآباد، اورقاسم بیلہ کے علاقے شامل ہیں۔ گزشتہ انتخابات میں احمد حسین ڈیہڑ نے یہاں سے پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر کامیابی حاصل کی تھی۔ بعدازاں وہ تحریک عدم اعتماد کے موقع پر پارٹی سے منحرف ہوگئے۔
معروف صحافی سرفراز علی انصاری نے اے پی پی سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ سابق وزیراعظم یوسف رضاگیلانی کا یہ آبائی حلقہ ہے۔ یہاں کانٹے دار مقابلہ متوقع ہے۔ تاہم سابق وزیراعظم یوسف رضاگیلانی کی برتری کے امکانات زیادہ ہیں۔یوسف رضاگیلانی اسی حلقے سے ہی وزیراعظم منتخب ہوئے تھے اور انہوں نے کامیابی کے بعد اس حلقے میں بہت سے ترقیاتی کام بھی کروائے۔
نوجوان صحافی اور تجزیہ کار ناصر ظہیر کے مطابق ملتان کے الیکشن میں دیگر حلقوں کی طرح اس حلقے پر بھی پوری دنیاکی نظر ہے ۔دونوں فریق بھرپور انتخابی مہم جاری رکھے ہوئے ہیں۔ یوسف رضاگیلانی نے بھی علاقے میں انتخابی مہم تیز کردی ہے۔ آنے والے دنوں میں ہمیں یہاں مزید سرگرمیاں دیکھنے کوملیں گی۔
فیس بک کمینٹ

