پشاور / اسلام آباد ۔۔پشاور ، اسلام آباد سمیت صوبہ خیبرپختون خوا اورصوبہ پنجاب کے بعض علاقوں میں گزشتہ روز شدید گرمی کے بعد آندھی، طوفانی بارش اور چند مقامات پر ژالہ باری کے باعث چھے بچے ہلاک ہو گئے جب کہ متعدد افراد کے زخمی ہونے اور بارش کے باعث محتلف حادثات کی خبریں سامنے آئی ہیں۔ خیبر پختونخوا میں خراب موسم کے باعث مختلف حادثات رپورٹ ہوئے۔ ریسکیو 1122 کے مطابق خیبرپختونخوا کے علاقے کوزہ الپوری، رحیم آباد میں ایک گھر کا کمرہ گرنے کا افسوسناک واقعہ پیش آیا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق کمرے کے ملبے تلے سات بچے دب گئے تھے۔
ریسکیو 1122 شانگلہ کی ٹیمیوں نے امدادی کارروائی کرتے ہوئے ملبے تلے دبے بچوں نکال لیا۔ اس حادثے میں چھ بچے ہلاک گئے جبکہ ایک بچی کو زندہ نکال لیا گیا، جسے طبی امداد فراہم کرنے کے بعد ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
ادھر شدید موسمی صورتحال اور تیز ہواؤں کے باعث ضلع بنوں کے مختلف علاقوں میں عمارتوں اور دیواروں کے گرنے کے تین واقعات پیش آئے، جن میں مجموعی طور پر پانچ افراد زخمی ہوئے۔
ریسکیو حکام کے مطابق ضلع بنوں میں جاری خراب موسم کے باعث اب تک 20 سے زائد افراد زخمی ہو چکے ہیں جنھیں طبی امداد فراہم کرنے کے بعد ہسپتال منتقل کیا گیا ہے، اور ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔
مردان میں شیرگڑھ شگو ناکہ کے مقام پر ایک پٹرول پمپ کے سائن بورڈ پر لگا فلیکس بجلی کی تاروں سے ٹکرانے کے باعث آگ لگ گئی۔ اطلاع ملنے پر ریسکیو 1122 کے فائر فائٹرز موقع پر پہنچ گئے اور بروقت کارروائی کرتے ہوئے آگ پر قابو پا کر اسے پمپ تک پھیلنے سے روک دیا۔
ریسکیو 1122 کے ترجمان بلال احمد فیضی کے مطابق خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں آندھی، تیز ہواؤں اور ہلکی بارش کے باعث متعدد ہنگامی واقعات پیش آئے ہیں۔ مردان، پشاور اور دیگر اضلاع میں بھی آندھی اور تیز ہواؤں کے نتیجے میں مختلف ایمرجنسی صورتحال رپورٹ ہوئی ہے۔
پاکستان میں قدرتی آفات سے نمٹنے کے ادارے این ڈی ایم اے نے دو تا چھ جون پہاڑی علاقوں میں ممکنہ لینڈ سلائیڈنگ کا الرٹ جاری کر دیا۔
ادارے کے مطابق دو تا پانچ جون خیبر پختونخوامیں جاری بارشوں اور پگھلتے گلیشئیرز کے باعث لینڈ سلائیڈ کے خطرات میں اضافہ ہو گا جس کے سبب چترال، دیر، سوات، شانگلہ، کوہستان، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد اور ہری پورکے علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا شدید خطرہ ہے۔
پی ڈی ایم اے پنجاب نے بدھ سے 5 جون 2026 تک صوبے کے بیشتر اضلاع میں بارشوں، آندھی اور بعض مقامات پر ژالہ باری کے امکان کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا ہے۔
فیس بک کمینٹ

