آپ کی الوداعی تقریبات تو بہت ہو چکی ہیں، صدر مملکت آپ کی خدمات کی تعریف کر چکے ہیں، وزیر اعظم خود کو آپ کے ساتھ نتھی کر چکے ہیں، وزیر خارجہ آپ کو خلعت فاخرہ عطا کر چکے ہیں، پی ٹی آئی کا ہر کارکن آپ کا احسان مند ہے، تحریک لبیک کے شعلہ بیان آپ کی دریا دلی کے معترف ہیں، پوری اسمبلی آپ کے وٹس ایپ کی منتظر رہتی، سینٹ کے سب ارکان آپ کے اذن کے منتظر پائے گئے، جنرل باجوہ آپ کی پوسٹنگ کے منتظر، نئے ڈی جی آئی ایس آئی جنرل ندیم انجم آپ کی طرف چھ اکتوبر سے رشک کی نگاہوں سے دیکھ رہے، طرفہ تماشا یہ ہے کہ آپ کہیں جا نہیں رہے بلکہ ترقی پا رہے ہیں، ایک اور کور آپ کی منتظر، اب افغانستان آپ کے افکار عالیہ کے لیے ہمہ تن گوش، پشتون آپ کی طرف نگاہ کیے بیٹھے، فاٹا کے عمائدین اب آپ کے احکامات کے انتظار میں، ابھی ترقی کی بہت سی منزلیں آپ کے نام لکھی ہوئی ہیں، ابھی آپ کے شانوں پر مزید ستارے جگمگا سکتے ہیں، ابھی آپ کے سینے پر شجاعت کے مزید تمغے سج سکتے ہیں، ابھی آپ کے تاج میں مزید فتوحات کے ہیرے جڑے جا سکتے ہیں، ابھی چیف آف آرمی سٹاف کا ہما آپ کے سر پر بیٹھ سکتا ہے، آپ بائیس کروڑ جاہل عوام کے بلا شرکت غیرے مالک کہلا سکتے ہیں لیکن یہ تو مستقبل کی باتیں ہیں۔ ماضی میں جو کار ہائے نمایاں آپ نے سرانجام دیے، وہی تاریخ کے تاریک صفحات میں آپ کو زندہ دکھنے کے لیے کافی ہیں۔
جو شہرت آپ کو بطور ڈی جی آئی ایس آئی نصیب ہوئی وہ ماضی میں اس عہدے پر متمکن کسی شخص کا مقدر نہیں ہوئی، نہ حمید گل آپ جیسی شہرت حاصل کر سکے، نہ جنرل ضیاء الدین کو یہ منصب نصیب ہوا، نہ جنرل پاشا کو یہ دوام نصیب ہوا، نہ جنرل ظہیر الاسلام اس مرتبے کو پہنچ سکے۔
اس میدان میں آپ نے وہ کارنامے کر دکھائے کہ اور تو اور جنرل باجوہ تک ششدر رہ گئے، وزیر اعظم پاکستان نے جس طرح آپ کی دلیرانہ پالیسیوں پر اعتماد کیا، اس کی مثال نہیں ملتی۔ آپ مرد میدان کہلائے اور عوامی توقعات کے خلاف ہر میدان میں فتوحات کے جھنڈے گاڑتے چلے گئے۔
آپ سے ہمارا تعارف پہلے پہل تحریک لبیک کے ابتدائی دھرنے میں ہوا، یہ آپ کی قائدانہ صلاحیتوں کا کمال تھا کہ تازہ تازہ ایمانی جذبے سے لبریز بپھرے ہوئے ہزار، پندرہ سو مظاہرین اچانک موم ہو گئے، اشتعال انگیز مظاہرین کو آپ نے کمال حکمت عملی سے ہزار ہزار روپے نقد میں ٹال دیا، آپ نے نہ صرف معاہدے پر دستخط عطا فرمائے بلکہ ان مظاہرین کو اپنا بھائی بھی قرار دیا، اب جب بھی یہ مظاہرین اشتعال میں آئیں گے، ہمیں اس میں ”بھائی“ کی شمولیت کا اندیشہ رہے گا۔
آپ کی زندگی کے کارہائے نمایاں تو بہت سے ہیں مگر جسٹس شوکت عزیز صدیقی کے انکشافات نے آپ کو دوام بخشا۔ وہ بھرے مجمعے میں بتاتے رہے کہ کس طرح آپ ان کے گھر تشریف لائے، ان کو نواز شریف کے خلاف فیصلہ دینے کا حوصلہ عطا کیا، کس طرح ان کو راتوں رات چیف جسٹس بنانے کی پرکشش پیشکش کی، مگر وہ نہ مانے، آپ نے کمال بصیرت سے ان کو نشان عبرت بنا دیا، سچ بولنے کی پاداش میں ایک انصاف پسند جج کی نہ صرف نوکری ”تیل“ کر دی بلکہ اس کی ایسی کردار کشی بھی کی کہ آئندہ کسی جج کو ایسا سچ بولنے کی جرات نہیں ہو گی۔
اس حکومت کے قیام اور استحکام کے لیے آپ کی ان تھک محنت کبھی فراموش نہیں کی جا سکتی، 2018 ء سے پہلے نواز شریف کو ایک بے بنیاد مقدمے میں سزا دلوانی ہو، عدلیہ سے من پسند فیصلے لینے ہوں، الیکشن سے پہلے الیکٹیبلز کی وفاداریاں تبدیل کروانی ہوں، آر ٹی ایس بٹھانا ہو، میڈیا کو لگام دینی ہو، من پسند تجزیہ کاروں کو نوکریاں دلوانی ہوں، بقول ابصار عالم، عامر لیاقت کی نوکری کو بچانا ہو، جی ڈی اے اور باپ جیسے گروپ تشکیل دینے ہوں، سینٹ کے چیئرمین کو باوجود اقلیت کے منتخب کروانا ہو، اسمبلی سے کوئی قانون پاس کروانا ہو، ارکان اسمبلی کو بھیڑ بکریوں کی طرح اسمبلی پہنچانا ہو، ای وی ایم کا قانون پاس کروانا ہو، ای ووٹنگ کا اجازت نامہ جاری کروانا ہو، ایک دن میں درجنوں قوانین کو اسمبلی اور سینٹ سے ایک ہی ہلے میں پاس کروانا ہو ؛ہر جگہ آپ کا ہی نام گونجتا رہا۔ محتاط لوگ پہلے اپنے شانوں کی طرف اشارہ کرتے، پھر دھیمی سی آواز میں آپ کا نام نامی ہی لیتے تھے، جس کسی کو آپ کا فون آ جاتا، جس کسی کی سماعتوں سے آپ کے مبارک احکام ٹکرا جاتے، وہ مرید ہو جاتا اور دہشت کے مارے مرشد کے گیت گاتا رہتا۔
اگرچہ ففتھ جنریشن وار کے تناظر میں زیادہ تر پاکستانی غدار، را کے ایجنٹ اور کافر ہیں مگر اس کے باوجود آپ پہلے ڈی جی آئی ایس آئی ہیں جن کے استعفی کے مطالبے کا ٹرینڈ تین دن تک ٹویٹر پر جگمگاتا رہا، سیاسی جماعتوں کے رہنما آپ کا نام لے کر تنقید کرتے رہے، مریم نواز آپ کے خلاف چارج شیٹ بنا کر بیٹھی ہوئی ہیں، نواز شریف برملا آپ کا نام لے لے کر جمہوریت کو تاراج کرنے کا الزام لگاتے رہے ہیں، مولانا فضل الرحمن بھی آپ کے کارناموں کا اکثر ذکر کرتے رہتے ہیں۔
آپ اس عہدہ جلیلہ سے چلے جائیں گے تو جاہل عوام سمجھتے ہیں کہ ملک میں جمہوریت کا سورج طلوع ہو جائے گا، ووٹ کی حرمت کی بات ہو گی، معتوب سیاسی قائدین کو سانس لینے کی مہلت ملے گی، میڈیا میں کچھ سچ بولنے کی روایت چلے گی، عدلیہ کے پاؤں کی زنجیریں کٹ جائیں گی، شمالی علاقہ جات کی سیر پر بھیجنے کی روایت کا خاتمہ ہو گا۔
یہ بائیس کروڑ لوگ آپ کی رخصت سے بہت سی امیدیں لگائے بیٹھے ہیں، انھیں یہ نہیں معلوم کہ آپ صرف ایک نام ہیں، کل کو یہاں کسی اور کا نام گونج رہا ہو گا، آپ کے محکمے نے ستر برس میں یہ ثابت کیا ہے کہ نام چاہے کوئی بھی ہو کام ایک ہی ہوتا ہے، اپنے شہریوں کے حقوق کے خلاف جنگ کر کے انھیں مفتوح بنا نا ہوتا ہے، جمہوریت کو تاراج کرنا ہوتا ہے، نفرتوں کو پروان چڑھانا ہوتا ہے، تقسیم کے عمل کو بڑھانا ہوتا ہے۔
آپ کو نیا عہدہ اور نئے ٹاسک مبارک ہوں، خدا کرے آپ کو ریٹائرمنٹ کے بعد کوئی قیمتی جزیرہ نصیب ہو، اللہ کرے پاپا جانز جیسی کاروباری چین آپ کا مقدر ہو۔ رہا سوال بائیس کروڑ لوگوں کا تو یہ کم فہم لوگ بھی عجیب ہیں، ذرا ذرا سی پوسٹنگ سے جمہوریت کے خواب دیکھنے لگ جاتے ہیں، انھیں اتنا بھی ادراک نہیں کہ افراد بدل جاتے ہیں ادارے اور ان کی سوچ نہیں بدلتی۔
( بشکریہ : ہم سب ۔۔ لاہور )