کراچی ۔۔ گردوپیش نیوز ( رضی الدین رضی سے ) بلوچستان کے پہلے وزیر اعلیٰ اور قوم پرست رہنما سردار عطااللّہ مینگل کی چوتھی برسی آج منائی جا رہی ہے ۔سردار عطااللّہ مینگل نے یکم مئی 1972ء میں بلوچستان کے پہلے وزیر اعلیٰٰ کے عہدے کا حلف اٹھایا اور 13 فروری 1973ء تک اس عہدے پر فائز رہے۔
وہ دو ستمبر 2021 میں کراچی کے ایک ہسپتال میں ایک ہفتہ زیر علاج رہنے کے بعد مقامی اسپتال میں انتقال کرگئے تھے ۔ عطااللّہ مینگل، بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ اختر مینگل کے والد تھے۔
سردارعطا اللّہ مینگل نے 1970کے الیکشن میں نیشنل عوامی پارٹی کے پلیٹ فارم سےحصہ لیا۔
ترجمان بی این پی کے مطابق 93 سالہ سردار عطااللہ مینگل دل کے عارضے میں مبتلا تھے۔ نامور ترقی پسند دانشور اور مینگو گروورز ایسوسی ایشن کے سربراہ زاہد حسین گردیزی نے گردوپیش سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ اختر مینگل صاحب نے بلوچستان کے حقوق کے لیے بے مثال جدوجہد کی ۔ آج ان کے صاحب زادے اخترمینگل اس جدوجہد میں شریک ہیں ۔ یہ وہ قائدین ہیں جو وفاق کو مضبوط دیکھنا چاہتے ہیں ۔ عطاءاللہ مینگل صاحب کو میں نے اپنے والد قسور گردیزی کے ساتھ جمہوریت اور انسانی حقوق کی جدوجہد میں شریک دیکھا اور مجھے یقین ہے کہ بلوچستان میں نفرت کا بیج بونے والوں کی سازشیں کبھی کامیاب نہیں ہوںگی ۔