کراچی : انٹربینک میں ڈالر پاکستان کی تاریخ کی بلند ترین سطح پرپہنچ گیا۔رپورٹس کے مطابق آج کاروبار کے دوران ایک موقع پر انٹربینک میں ایک ڈالر 90 پیسے مہنگا ہوکر 169 روپےتک پہنچا۔تاہم کاروبار کے اختتام پر بھی ڈالر تاریخ کی بلند ترین سطح پر بند ہوا۔ انٹربینک میں ڈالر 84 پیسے مہنگا ہو کر 168.94 روپےکا ہوگیا ہے۔رواں مالی سال کے دوران اب تک ڈالر کی قیمت تقریباً 11 روپے 46 پیسے بڑھ چکی ہے۔
دوسری جانب آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافےکی سمری پیٹرولیم ڈویژن کوبھیج دی۔ذرائع کے مطابق اوگرا نے پیٹرول کی قیمت میں فی لیٹر ایک روپے اضافے کی تجویز دی ہے جب کہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 10 روپے 50 پیسے فی لیٹر اضافہ تجویز کیا گیا ہے۔ذرائع کا کہنا ہےکہ مٹی کے تیل کی قیمت میں 5 روپے فی لیٹر اور لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں ساڑھے 5 روپے فی لیٹر اضافے کی تجویز دی گئی ہے۔ذرائع کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا فیصلہ وزارت خزانہ وزیراعظم کی مشاورت سےکرےگی۔