ملک بھر کی طرح ملتان ، بہاول پور ، ڈیرہ غازی خا ن سمیت پورے جنوبی پنجاب میں جشن عید میلادالنبی ﷺ آج منگل کے روزعقیدت و احترام سے منایا جا رہاہے ۔
ملتان میں عید میلاد النبی ﷺکی تیاریاں عروج پر ہیں، سبز پرچموں ، جھنڈیوں، بیجز اور رنگ برنگے قمقموں سے گلیاں اور بازار سج گئے ہیں ، مختلف علاقوں میں عاشقانِ رسول نے گھروں اور گلیوں کو برقی قمقموں سے سجا دیا ہے جبکہ ہر سو درود و سلام کی صدائیں بھی بلند ہو رہی ہیں۔جشن عید میلادالنبی ﷺ کے سلسلے میں شہر بھر کی مساجد، عمارتوں اور شاہراہوں کو بھی سبز پرچموں اور برقی قمقموں سے سجایا گیا ہے جبکہ کئی بازاروں اور شاہراہوں پر محرابیں اور آرائشی دروازے بھی لگائے گئے ہیں۔عاشقان رسول خانہ کعبہ اور مسجد نبویﷺکے خوبصورت ماڈلز بنا کر سرور کائنات سے اظہار عقیدت کر رہے ہیں۔دن کا آغاز عید میلاد النبی ﷺ کے روایتی جلوسوں سے ہو گا ۔
بزم حسان بن ثابت کے زیر اہتمام ختم نبوت ریلی صبح نو بجے برآمد ہو گی جس میں علمائے کرام اور دیگر اہم شخصیات شریک ہوں گی ۔ انجمن اسلامیہ کے زیر اہتمام عید میلادالنبی ﷺ کے روایتی جلوس میں سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی اور ان کے صاحبزادوں کی شرکت متوقع ہے ۔
فیس بک کمینٹ