اسلام آباد : پاکستان بھر میں عیدالاضحیٰ مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منائی جا رہی ہے اور ملک بھر میں مسلمان سنت ابراہیمی کی پیروی کرتے ہوئے جانوروں کی قربانی میں مصروف ہیں۔
اسلام آباد اور چاروں صوبائی دارالحکومت کراچی، لاہور، کوئٹہ اور پشاور سمیت ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں نمازِ عید کی ادائیگی کے لیے ہزاروں روح پرور اجتماعات منعقد کیے گئے۔
دن کا آغاز مساجد میں امت مسلمہ کی بہتری، ملک کی ترقی، خوشحالی اور سلامتی کے لیے خصوصی دعاؤں کے ساتھ ہوا اور علمائے کرام نے عید کے خطبات میں حضرت ابراہیمؑ اور حضرت اسمٰعیلؑ کی عظیم قربانی کے فلسفے کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔
نماز عید کے بعد شہری سنت ابراہیمیؑ کی پیروی میں جانوروں کی قربانی کا فریضہ ادا کر رہے ہیں البتہ ملک بھر میں بارشوں کے سبب لوگوں کو نماز عید کی ادائیگی اور جانوروں کی قربانی میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے اور ملک میں کئی مقامات بالخصوص خیبر پختونخوا میں عید گاہوں میں پانی بھر جانے کے سبب مساجد کے اندر ہی عید کی نماز ادا کی گئی۔
بارشوں کے پیش نظر تمام ملک بھر کی ضلعی انتظامیہ کی جانب سے قربانی کے جانوروں کی باقیات کو تلف اور صفائی ستھرائی کے لیے خصوصی اقدامات بھی کیے گئے ہیں۔
اس سلسلے میں ہفتے کے دن وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت عید الاضحیٰ میں عوام کو سہولیات کی فراہمی کے لیے کیے جا رہے اقدامات اور عید کے دنوں میں صفائی کے نظام کے حوالے سے اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔
فیس بک کمینٹ

