اسلام آباد:پاکستان کے وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے سابق وزیر اعظم کے خلاف ایکس (سابقہ ٹوئٹر) اکاؤنٹ کے ذریعے لوگوں کو حکومت اور ریاستی اداروں کے خلاف بغاوت پر اکسانے کے الزام میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
ایف آئی اے کے ایک اہلکار نے بی بی سی کو تصدیق کی ہے کہ یہ مقدمہ نمبر 1138/24 مورخہ 13 ستمبر 2024 کو درج کیا گیا ہے۔
ایف آئی اے کے اہلکار کے مطابق اس مقدمے کی تفتیش کے سلسلے میں قائم کی گئی چار رکنی ٹیم آج دوبارہ اڈیالہ جیل کا دورہ کرے گی اور عمران خان سے تفتیش کرے گی۔
ایف آئی اے کے سائبر کرائم ونگ کی چار رکنی ٹیم اڈیالہ جیل میں عمران خان سے پوچھ گچھ کے لیے پہنچی تھی۔ تاہم ایف آئی اے کے اہلکار کے مطابق جیل حکام کے ذریعے جب بانی پی ٹی آئی کو پوچھ گچھ کے لیے طلب کیا گیا تو انھوں نے وکلا سے مشاورت کا بہانہ بناکر تفتیش میں شامل ہونے سے انکار کردیا تھا۔
ایف آئی اے کے اہلکار کے مطابق چار رکنی تفتیشی ٹیم ہفتے کی صبح اب دوبارہ تفتیش کے لیے اڈیالہ جیل جائے گی۔
تفتیشی ٹیم سابق وزیر اعظم سے بغاوت کے پیغامات اور انہیں آگے پھیلانے میں ملوث ساتھیوں کے حوالے سے پوچھ گچھ بھی کرے گی۔
دوسری جانب عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف 190 ملین پاؤنڈ کے مقدمے کی سماعت آج اڈیالہ جیل میں ہوگی۔ خیال رہے اسلام آباد کی احتساب عدالت نے ملزمان کے وکلا کو اس مقدمے کے تفتیشی افسر پر جرح کرنے کا آخری موقع دیا ہے۔
عدالت نے گزشتہ سماعت کے دوران عمران خان کے وکلا کی جانب سے اس ریفرنس کی سماعت ایک ہفتے کے لیے ملتوی کرنے کی درخواست مسترد کر دی تھی۔
فیس بک کمینٹ

