پیرس : فرانس کے صدر ایمانویل میکخواں نے کہا ہے کہ فرانس رواں سال ستمبر میں فلسطین کو باضابطہ طور پر تسلیم کر لے گا۔ فرانس کے صدر ایمانویل میکخواں نے ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا کہ اس کا باضابطہ اعلان نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں کیا جائے گا۔ انھوں نے کہا کہ ’آج اس بات کی اشد ضرورت ہے کہ غزہ میں جنگ کا خاتمہ ہو اور شہری آبادی کو بچایا جائے، امن کے لیے ہر ممکن کوشش کی جائے۔ ہمیں فوری جنگ بندی، تمام یرغمالیوں کی رہائی اور غزہ کے عوام کو بڑے پیمانے پر انسانی امداد پہنچانے کی ضرورت ہے۔‘
فلسطینی حکام نے میکخواں کے فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے جبکہ اسرائیلی وزیر اعظم بنیامن نیتن یاہو نے کہا ہے کہ یہ اقدام اسرائیل میں حماس کے 7 اکتوبر 2023 کے حملے کے بعد ’دہشت گردی کو سراہنے‘ کے مترادف ہے۔ فرانسیسی صدر میکخواں نے ایکس پر اپنے پیغام میں کہا کہ ’مشرق وسطیٰ میں منصفانہ اور دیرپا امن کے لیے اپنے تاریخی عزم پر قائم رہتے ہوئے میں نے فیصلہ کیا ہے کہ فرانس فلسطینی ریاست کو تسلیم کرے گا۔‘ انھوں نے کہا کہ ہمیں حماس کو غیر مسلح کرنے اور غزہ کو محفوظ بنانے اور تعمیر نو کی بھی ضمانت دینی ہوگی۔
میکرون نے فلسطینی صدر محمود عباس کو ایک خط بھی ارسال کیا جس میں انھوں نے فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کے اپنے فیصلے کی تصدیق کی ہے۔ فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق میکخواں کے اعلان پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے محمود عباس کے نائب حسین الشیخ نے کہا کہ فرانس کا یہ فیصلہ بین الاقوامی قوانین کے مطابق فلسطینی عوام کے حق خودارادیت اور ہماری آزاد ریاست کے قیام کی حمایت کی عکاسی کرتا ہے۔
تاہم دوسری جانب نیتن یاہو نے ایکس پر ایک پوسٹ میں لکھا کہ ’ہم صدر میکخواں کے فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کے فیصلے کی شدید مذمت کرتے ہیں۔‘ اُن کا مزید کہنا تھا کہ ’ان حالات میں ایک فلسطینی ریاست اسرائیل کو ختم کرنے کے لیے لانچ پیڈ ہوگی نہ کہ اس کے ساتھ امن سے رہنے کے لیے۔ واضح رہے کہ فلسطینی اسرائیل کے شانہ بشانہ ریاست کے خواہاں نہیں ہیں۔‘ امریکہ نے بھی فلسطین کو بطور ریاست تسلم کرنے سے متعلق فرانس کے صدر ایمانویل میکخواں کے فیصلے کو مسترد کر دیا ہے۔ امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے ایکس پر کہا ہے کہ ’ایمانویل میکخواں کا یہ فیصلہ ’صرف اور صرف حماس کے پروپیگنڈے کو فروغ دیتا ہے۔‘ امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے ایکس پر اپنے بیان میں مزید کہا کہ ’امریکہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں فلسطین کو بطور ریاست تسلیم کرنے کے ایمانویل میکخواں کے منصوبے اور فیصلے کو سختی سے مسترد کرتا ہے۔‘
( بشکریہ : بی بی سی اردو )

