رات کی تاریکی میں میزائل حملوں میں معصوم شہریوں کو نشانہ بنانے والے بھارت کے 5 جنگی طیارے پاکستان نے مار گرائے جبکہ 3 ڈرون اور متعدد کواڈ کاپٹر بھی تباہ کردیے گئے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق لائن آف کنٹرول پر بھی بھارتی جارحیت کا دندان شکن جواب دیا گیا ہے، بھارتی فوج کا انفنٹری بریگیڈ ہیڈکوارٹر اور ایک بٹالین ہیڈکوارٹر سمیت متعدد پوسٹیں تباہ کردی گئی ہیں۔
لائن آف کنٹرول پر بھاری نقصان اٹھانے کے بعد بھارت نے جورا سیکٹر میں سفید جھنڈا لہرا کر شکست تسلم کرلی۔
بھارت کی غلط فہمی کو ٹھیک کردیا جائے گا
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کا کہنا ہے کہ بھارت کے بزدلانہ حملے میں 26 معصوم شہری شہید اور 46 زخمی ہوئے ہیں۔ بھارت کی غلط فہمی کو ٹھیک کردیا جائے گا۔
ایک بیان میں ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ بھارت نے 6 اور 7 مئی کی تاریکی میں پاکستان پر بزدلانہ حملہ کیا، بھارت نے 6 مقامات پر حملے کیے۔
انہوں نے کہا کہ احمد پور شرقیہ میں مسجد سبحان اللّٰہ کو نشانہ بنایا گیا، حملے میں 13 شہری شہید ہوئے، مریدکے مسجد کو نشانہ بنایا گیا جس میں 3 افراد شہید اور ایک زخمی ہوا جبکہ مظفرآباد پر حملے کے نتیجے میں 3 شہری شہید ہوئے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سیالکوٹ اور شکر گڑھ میں جانی نقصان کی اطلاع نہیں۔ مساجد اور عبادت گاہوں کو نشانہ بنانا بھارتی تنگ نظری کی عکاسی کرتا ہے۔
پاکستان کی بھرپور جوابی کارروائی، بھارت کی دوڑیں، عرب دنیا سے پاکستان پر اثر و رسوخ استعمال کرنیکی درخواست
ان کا کہنا تھا کہ اب تک افواج پاکستان نے بھارت کے حملہ کرنے والے 5 طیارے مار گرائے ہیں، افواج پاکستان نے 3 رافیل اور ایک مگ طیارہ مار گرایا ہے، پاکستان نے بھارتی طیاروں کو اس وقت مار گرایا جب وہ حملہ کر رہے تھے۔
انہوں نے کہا کہ بھٹنڈا، جموں، سری نگر سمیت مختلف علاقوں میں بھارتی طیارے تباہ کیے، بھارت کا ایک کمبیٹ ڈرون بھی مار گرایا ہے۔ بھارتی حملے میں پاک فضائیہ کے تمام طیارے اور اثاثے محفوظ ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ بھارت کی آبی جارحیت کے سنگین نتائج ہوں گے، پاکستان نے صرف دفاع کا حق استعمال کیا ہے۔ بھارت کا ہائیڈرو پاور پروجیکٹ کو نقصان پہنچانا ناقابل قبول ہے، ہمارا دشمن بزدل اور کمزور ہے، بھارت پاکستان کے پانی کے ذخائر کو نقصان پہنچانا چاہتا ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاک فضائیہ کے طیارے ہوا میں ہیں، یہ شرمناک حملہ بھارتی ایئر اسپیس سے کیا گیا، دشمن ہماری ایئر اسپیس میں داخل نہیں ہوسکے۔
افواجِ پاکستان کو مناسب کارروائی کا مکمل اختیار دے دیا گیا
بعدازاں آج دوپہر وزیراعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت قومی سلامتی کمیٹی کا اہم اجلاس ہوا جس میں مسلح افواج کو مناسب کارروائی کے مکمل اختیارات دے دیے گئے۔
قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس 2 گھنٹے تک جاری رہا۔ وزیرِ اعظم ہاؤس میں ہونے والے اجلاس میں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور تمام سروسز چیف شریک ہوئے۔
بزدل دشمن نے چھپ کر وار کیا ہے، خواجہ آصف
وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ بزدل دشمن نے چھپ کر وار کیا ہے،
بھارت نے شہری آبادی کو نشانہ بنایا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت نے جس طرح حملہ کیا اسے اس سے بڑھ کر جواب دیں گے۔
بھارت کا 9 مقامات پر حملے کا دعویٰ
بھارتی وزارت دفاع نے پاکستان میں حملوں کی تصدیق کی ہے اور اس بات کا دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان میں 9 مقامات پر حملہ کیا ہے۔
(بشکریہ:جیونیوز)
فیس بک کمینٹ

