اسرائیل کے صدر اسحاک ہرزوگ نے پاکستانی وفد سے ہونے والی ملاقات کی تصدیق کر دی۔عالمی اقتصادی فورم میں بات چیت کرتے ہوئے اسرائیلی صدر نے کہا کہ گزشتہ ہفتے ان سے دو وفود نے ملاقات کی جن میں امریکا میں مقیم دو پاکستانی بھی شامل تھے۔ اسرائیلی صدر کا کہنا تھا کہ پاکستانی وفد سے ان کی ملاقات بے حد خوش آئند رہی۔ڈویلپنگ پاکستان نامی ویب سائٹ کے مطابق یہ خبر گزشتہ ہفتے بھی منظرعام پرآئی تھی تاہم پاکستان کی جانب سے اس پرکوئی وضاحت نہ کی گئی اور حالیہ دنوں میں ہونے والی پیش رفت کے بعد اس حوالے سے چہ میگوئیاں جاری رہیں۔اسی دوران یہ خبر بھی آئی تھی کہ مولانا فضل الرحمن سعودی عرب کے دورے کے موقع پر اسرائیلی وفد سے ملاقات کریں گے۔ دریں اثناءبی بی سی کے مطابق پاکستانی وفد کے شرکاءنے اسرائیلی پارلیمنٹ سمیت اہم مقامات کادورہ کیا اور اسرائیلی صدر سے بھی ملاقات کی۔وفد میں پی ٹی وی پر پروگرام کرنے والے اینکر احمد قریشی بھی شامل تھے۔احمد قریشی امریکی شہری ہیں اورانہیں اسرائیل کے دورے کی اجازت ہے۔ اس دوران شہباز گل کی جانب سے امریکی دورے کی خبریں بھی سامنے آئی تھیں اور بعض حلقوں کی جانب سے الزام عائد کیاگیاتھا کہ وفد میں اجمل قادری بھی شامل تھے۔تاہم ان خبروں پر خاموشی اختیار کرلی گئی ۔واضح ہو کہ عمران خان کے دور حکومت میں اسرائیلی طیاروں کی پاکستان آمد کی خبریں بھی آئی تھیں۔ تاہم حکومت کی جانب سے ان کی تردید کردی گئی تھی۔گزشتہ ہفتے مولانا فضل الرحمن نے پشاور میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بھی پاکستانی وفد کے اسرائیل کے د ورے کا ذکر کیاتھا اور کہا تھا کہ ہم اسرائیل کوتسلیم کرنے کی ہرسازش کوناکام بنادیں گے۔
فیس بک کمینٹ