ادبلکھاریماہ طلعت زاہدی

ڈاکٹر انور زاہدی : میرے بھائی جان ، میرے دوست .. ماہ طلعت زاہدی

ہمارے بیچ زمانی فاصلے کے باوجود ہم دونوں کی دوستی کمال کی رہی، میرے چُھٹپن میں انہوں نے مجھے اس طرح قابو میں کیا تھا کہ ، ریڈیو کے پاس کھڑے ہو کر پہلے اگلے گیت کا اعلان سن لیتے ، پھر یکدم ریڈیو کی آواز غائب کر کے مجھے بلُاتے اور کہتے، اب پتہ ہے کون سا گانا آۓ گا ؟ میں کہتی،کون سا بھائی جان؟ وہ بتاتے اب جناب گھونگھٹ فلم کا گانا آۓ گا لو دیکھو، سُنو، اور یہ کہہ کے ریڈیو کی آواز اونچی کر دیتے ، ارے میں تو دنگ رہ جاتی، یہ کیسے ممکن ہوا ؟ اب میں پیچھے پیچھے پھر رہی ہوں، بھائی جان آپ کو کیسے پتہ چلا؟ وہ کوئی بتائیں گے، مسکرا کر کہہ رہے ہیں، جادو ہے جادو۔ مجھے پکّا یقین ہوگیا کہ بھائی جان جادوگر ہیں ، یہاں تک کہ فلم میں جیسے ہی کوئی غمگین موڑ آتا ،میں بھائی جان سے بار بار پوچھنے لگتی بھائی جان اب کیا ہوگا ؟ اب جو وہ کہیں گے،وہی ہوگا، میں وہی کروں گی، مثلاً مری جانا ہے، انہوں نے پاپا کے پیچھے مجھے لگا دیا، میں ٹُھنکتی پِھر رہی ہوں ، پاپا ہمیں مری لےکر چلیں، ایک دفعہ، دو دفعہ، بِلآخر پاپا نے کہا اچھا بھئ چلے چلیں گے، میں نے بھائی جان کو مڑ کر فاتحانہ انداز سے دیکھا،انہوں نے پاس بُلا کر کان میں کہا ، ایسے تھوڑی جائیں گے، کاغذ پر دستخط کراؤ ، اب میں دوبارہ پاپا کے سر ہو گئ ، نہیں آپ نہیں جائیں گے، وہ بولے اب کیا لکھ کر دوں؟ میں نے کہا جی اور دوڑ کے اپنی کاپی اُٹھا لائی اور پاپا لکھ رہے ہیں ، ہم جون میں مری جائیں گے۔



بھائی جان کو شلجم سخت نا پسند تھے، مجھے سمجھا دیا شلجم مت کھانا، امی بیچاری شلجم پکا کر بیٹھی ہیں، بھائی جان کا صاف انکار آ گیا، انہوں نے مجھ سے کہا، بیٹی تم تو کھا لو ،بھلا میں کیسے کھا سکتی تھی، میں نے بھی گردن نفی میں ہلا دی امی سمجھ گیئں،خود سے بولیں اب وہ کیسے کھاۓ گی ، گُرو نے جو منع کر دیا۔ آٹھویں جماعت پاس کر کے میں نویں میں آئی ، ٹیچر نے کہا جو لڑکیاں سائنس لینا چاہتی ہوں وہ الگ ہو جائیں، میں بیٹھی رہی ، سائنس پڑھنے کا مجھے شوق کیا بلکہ چِڑ تھی، مجھے ریاضی سے نفرت تھی یہاں تک کہ حساب کے پرچے کے دن میں اپنی یا ٹیچر کی موت کی دعا مانگا کرتی ، اب خدا خدا کر کے حساب سے جان چھوٹ رہی تھی، پھر میں نے سائنس کی لڑکیوں کو مینڈک کا تیاپانچہ کرتے دیکھ لیا تھا ، مجھے ان چیزوں سے دُور سے بھی ڈر لگتا تھا۔۔ جب میں گھر آئی اور کھانے کی میز پر اطلاع دی کہ میں نے آرٹس کے مضامین لئے ہیں، تو امی کو زبردست دھچکا پہنچا، وہ چاہتی تھیں ان کے دونوں بچے ڈاکٹر بنیں، وہ چیخیں ارے یہ کیا کیا؟ پاپا تو خاموش رہے، بھائی جان بولے ویل ڈن(well done)، اور امی سے کہا آپ کا ارمان میں پورا کر رہا ہوں کافی نہیں وہ فرسٹ ائیر ایم بی بی ایس نشتر کالج میں تھے، اصل میں بھائی جان خود انگریزی ادب میں ایم اے کرنا چاہتے تھے انکی انگلش ایسی تھی کہ وہ 80فیصد نمبر لیتے تھے،اتنے میں میرے ماما آ گۓ وہ (ڈاکٹر سید زاہد واسطی) اُن دنوں نشتر میڈیکل ہسپتال کے ڈی ایم ایس تھے، انہوں نے امی کا ساتھ دیا اور بلاوجہ جذباتی ہو گئے، کھانے کی میز میدان جنگ بن گئی جس میں پاپا خاموش تماشائی بنے رہے، ما ما بھائی جان سے ناراض ہو کر چلے گئے، لیکن بھائی جان میری اُلجھن کو سمجھ گئے تھے اور میری جان چھڑا دی۔



ایک کام جو بھائی جان میری مرضی کے خلاف بھی کرتے وہ یہ تھا کہ جہاں میرے بال بڑھے اور میں نے بڑے شوق سے اپنے ربنوں پر استری کی، وہ مجھے سائیکل پر بٹھا کر حجام کے لے گئے اور میرے لمبے بال کٹوا دئے، اب میں روتی ہوئی آ رہی ہوں،وہ مجھے چاکلیٹ، اور کامِکس ، فیری ٹیلز کی کتابیں دلوا رہے ہیں، آخر کو میں بہل گئ اور بھائی جان خوش۔ میرا ایف اے کا پرچہ ہے صبح میں، اور بھائی جان مجھ سے کہہ رہے ہیں، اسٹارلایٹ میں بہت اچھی انگلش فلم لگی ہے چلو ، میں بولی بھائی جان صبح میرا پرچہ ہے، کہنے لگے تو کیا ہے انگلش ہی کا تو ہے ، میں پرچے کی شام بھائی جان کے ساتھ فلم دیکھنے جا رہی ہوں، میرے ایم اے کے پرچے ہو رہے ہیں،کسی وجہ سے میں بد دل ہو گئ ، اور میں نے کہا میں نہیں دیتی امتحان ، امی پاپا ارے!! کہہ کر رہ گئے ،ان دونوں کو دکھ ہوا، بھائی جان نے فوراً معاملہ ہاتھ میں لیا اور بولے پھر کیا ہوا اگلے سال دے دے گی امتحان؟ چلیں سب فلم دیکھنے چلتے ہیں۔۔



یہاں تک کہ شادی کے معاملے میں بھی اگر سماج کے ٹھیکیداروں نے بیچ میں کود کر ہمارے گھر کا خوبصورت ماحول خراب نہ کیا ہوتا تو بھائی جان ہمیشہ میرے ساتھ تھے، انہوں نے اسلام آباد سے امی پاپا کو خط میں لکھا تھا،وہ عام لڑکیوں کی طرح نہیں،آپ دیکھیں وہ خوش رہتی ہے۔اسے خوش رہنے دیں،زبردستی مت کیجئے گا۔ اب سوچتی ہوں تو بھائی جان آپ کی دوستی پر حیران ہوتی ہوں ۔ آپ میرے لئے ہمیشہ سلامت رہیں، آمین

فیس بک کمینٹ
Tags

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker