اسلام آباد : پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما سینیٹر مشاہد اللہ خان اسلام آباد میں انتقال کرگئے۔ سابق گورنر سندھ اور مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما محمد زبیر نے مشاہد اللہ خان کے انتقال کی تصدیق کی ہے اور کہا ہے کہ مشاہد اللہ خان کافی عرصے سے علیل تھے۔
مشاہد اللہ کا شمار مسلم لیگ ن کے سینیئر رہنماؤں میں ہوتا تھا اور وہ مسلم لیگ کی سابق حکومت میں وفاقی وزیر رہے۔
مشاہد اللہ خان نے ابتدائی تعلیم اسلامیہ ہائی اسکول راولپنڈی سے حاصل کی جس کے بعد انہوں نے گورڈون کالج سے گریجویشن مکمل کیا اور پھر اردو لاء کالج کراچی سے قانون کی ڈگری حاصل کی۔ مسلم لیگ ن کی رہنما مریم نواز کا مشاہداللہ خان کے انتقال پرگہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سینیٹر مشاہد اللہ خان پارٹی کے وفادار اور سینئر رہنما تھے۔ مریم نواز کا کہنا ہے کہ سینیٹر مشاہد اللہ کا انتقال سے ہمارا بڑا نقصان ہے۔