ملتان : آئی جی موٹروے پولیس بی۔اے۔ناصرنے فیلڈ افسروں کو ہدایت کی ہے وہ شائستگی، دیانتداری اور پیشہ ورانہ مہارت کو اپنی ڈیوٹی کا محوربنائیں ، بلا امتیاز قانون کا نفاذ ملتان ہمارا نصب العین ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے دورہ ملتان کے موقع پر کیا ۔ نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کے انسپکٹر جنرل بی۔ اے۔ ناصر نے موٹروے سینٹرل- 2 زون کا دورہ کیا، اس موقع پر انہوں نے زونل آفس ملتان میں ایک پودا بھی لگایا، جو ماحولیاتی تحفظ کے لیے موٹروے پولیس کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔
بعد ازاں ، آئی جی موٹروے پولیس نے ایک اجلاس عام منعقد کیا، جس میں تمام رینکس کے فیلڈ افسران اور اہلکاروں نے شرکت کی۔ اجلاس عام میں ایڈیشنل انسپکٹر جنرل سینٹرل ریجن سعد اختر بھروانہ اور ڈی آئی جی موٹروے سینٹرل-2 زون دار علی خان خٹک بھی شریک تھے ۔
آئی جی موٹروے پولیس نے اپنے خطاب میں افسران کا حوصلہ بڑھاتے ہوئے انہیں تن دہی سے کام کی ہدایت کی ۔ انہوں نے زور دیا کہ ہمارا مشن موٹروے اور ہائی ویز پر حفاظت کو فروغ دینا، بلا امتیاز قانون کا نفاذاور روڈ یوزرز شائستگی اور پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ مدد فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے افسران پر زور دیا کہ وہ اپنی خدمات کے معیار کو نہ صرف برقرار رکھیں بلکہ اسے مزید بلندی تک لے جائیں تاکہ عوام کے لیے ایک مثالی سروس پیش کی جا سکے۔ آئی جی موٹروے پولیس نے افسران کو یقین دلایا کہ وہ ان کے غیر معمولی فرائض کی انجام دہی میں ہر قدم پر ان کے ساتھ ہیں اور ان کی محنت کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں ۔ انہوں نے واضح کیا کہ میرٹ اور شفافیت پر کسی صورت سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
فیس بک کمینٹ

