ملتان: بیوی اور دو بیٹوں کے قتل کے بعد خودکشی کرنے والے شوہر کو اس کی بیوی اور بچوں سمیت سپرد خاک کر دیا گیا ۔ نماز جنازہ شاہی عید گاہ میں ادا کی گئی جس میں لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔ اس افسوسناک واقعہ کی خبر سن کر مقتولہ( اقرا) کی والدہ اور خالہ صدمے سے دل کا دورہ پڑ جانے کے بعد چل بسیں ۔
تفصیلات کے مطابق جمعرات کے روز ڈی ایچ اے ملتان میں واقع نجی بینک کے قریب گھریلو جھگڑے پر سابق ایم پی اے شاہد محمود خان کے بھتیجے اور نعیم اللہ طارق کے بیٹے 35 سالہ معروف نے اپنی شریک حیات 33 سالہ اقراء اور دو بچوں پانچ سالہ علیان اور تین سالہ آریان کو قتل کر کے خود کشی کر لی تھی۔ افسوسناک واقعہ کی خبر سن کر مقتولہ اقرا کی والدہ کوئٹہ جبکہ ان کی خالہ لاہور میں انتقال کرگئیں۔
پولیس کی ابتدائی تحقیقات کے مطابق معروف اپنی بیوی کے ساتھ گھریلو جھگڑوں سے پریشان تھا اور اس نے مایوسی کے عالم میں اپنے دو بیٹوں اور بیوی کو گولی مار کر خود کشی کر لی۔متعلقہ تھانہ الپہ پولیس نے واقعہ کی تحقیقات شروع کر دی ہے ۔
فیس بک کمینٹ