اسلام آباد:مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف 4 سال بعد وطن واپس پہنچ گئے جہاں ان کا طیارہ اسلام آباد انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر لینڈ کرگیا ہے۔
اسحاق ڈار اور اعظم نذیر تارڑ پارٹی قائد کا استقبال کرنے اسلام آباد ائیرپورٹ پہنچے ہیں جب کہ سابق وزیراعظم کی وطن واپسی کے موقع پر ان کی قانونی ٹیم اسلام آباد ائیرپورٹ پہنچ چکی ہے۔
سابق وزیراعظم اور اپنے والد کی وطن واپسی پر سوشل میڈیا پر جاری بیان میں مریم نواز نے کہا کہ ’میری زندگی کا شاید آج سب سے بڑا دن ہے، میں اللّہ ربّ العزت کی شکر گزار ہوں، جتنے دکھ اور تکالیف نواز شریف نے پچھلے 24 سالوں میں سہے، شاید ہی اس کی کوئی مثال ہو اور ان کے کچھ زخم ایسے ہیں جو کبھی نہیں بھر پائیں گے‘۔
انہوں نے کہا کہ ’جتنے عروج بھی نواز شریف نے دیکھے وہ بھی شاید کسی اور کے حصے میں نہ آئے ہوں، پاکستان آج نواز شریف کا ایک اور عروج دیکھنے جا رہا ہے‘۔
مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کو وطن واپس لانے کےلیے طیارہ ’امید پاکستان‘ ایک گھنٹہ 34 منٹ تاخیر سے 11 بجکر 4 منٹ پر دبئی ائیرپورٹ سے روانہ ہوا۔
سابق وزیراعظم کا طیارہ FZ4525 بندر عباس کے راستے ایران سے ہوتا ہوا پنجگورکے قریب پاکستان کی حدود میں داخل ہوا۔
اسلام آباد کے ائیر ریڈار میں داخل ہونے پر ٹریفک کنٹرول نے نواز شریف کے طیارے کو خوش آمدید کہا اور طیارے کو وفاقی دارالحکومت میں لینڈنگ کے لیے گرین سگنل دیا۔
میاں نواز شریف کے ہمراہ 148 مسافر خصوصی پرواز میں پاکستان آئے ہیں جب کہ لیگی رہنما عرفان صدیقی، ناصر جنجوعہ اور ڈاکٹر عدنان بھی ان کے ہمراہ ہیں۔
(بشکریہ: جیو نیوز)
فیس بک کمینٹ

