ملتان : جاپانی شہنشاہ کی طرف سے جاپانی زبان و ادب کی خدمات کے اعتراف میں نامور ادیب ،دانشور اور ماہر تعلیم ڈاکٹر محمد امین کے لیے ” دی آرڈر آف دی رائزنگ سن“ (The Order of the Rising Sun) کے نام سے گولڈ میڈل کا اعلان کیاگیا ہے۔ ڈاکٹر محمد امین یہ ایوارڈ وصول کرنے کے لیے اسلام آباد میں موجودہیں۔ڈاکٹر محمد امین کاتعلق ملتان سے ہے ۔انہیں یہ اعزاز حاصل ہے کہ انہوں نے جاپانی صنف سخن ہائیکو کو اردو میں بطور صنف متعارف کروایا۔اس کے علاوہ ہائیکو کے فروغ کے لیے انہوں نے پاکستان میں باقاعدہ تحریک چلائی اور ہائیکو کے مشاعرے منعقد کیے۔انہوں نے جاپانی شاعروں کی نظمیں اورہائیکو بھی ترجمہ کیے۔اس کے علاوہ ڈاکٹرمحمد امین نے جاپانی اردو ڈکشنری مرتب کی جس سے پاکستانی طالب علموں کو جاپانی زبان سیکھنے میں مدد ملی۔ڈاکٹر محمد امین زکریایونیورسٹی میں شعبہ فلسفہ کے سربراہ کی حیثیت سے خدمات انجام دے چکے ہیں۔ اس کے علاوہ وہ ولایت حسین اسلامیہ کالج میں پرنسپل بھی رہے۔اردو اور پنجابی زبان میں ان کی 35 کتابیں شائع ہوچکی ہیں۔اے پی پی سے بات چیت کرتے ہوئے ڈاکٹر محمد امین نے بتایا کہ میں نے یہ میڈل جاپانی سفیر سے وصول کیا اوراس سلسلے میں ایک مختصر سی تقریب ان کی رہائش گاہ پر منعقد ہوئی۔سخن ور فورم سمیت ملتان کی مختلف ادبی تنظیموں نے ڈاکٹر امین کے لئے شاہی میڈل کے اعلان پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں مبارک باد دی ہے۔
فیس بک کمینٹ