لاہور: پاکستان نے گرفتار بھارتی پائلٹ ابھی نندن کو واہگہ بارڈر بھارتی حکام کے حوالے کر دیا۔ وزیراعظم عمران خان نے گزشتہ روز پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کے دوران اعلان کیا تھا کہ پاکستان امن چاہتا ہے اور جذبہ خیرسگالی کے تحت گرفتار بھارتی پائلٹ کو رہا کردیا جائے گا۔ وزیراعظم کے اعلان کے بعد آج بھارتی پائلٹ کو سخت سیکیورٹی میں واہگہ بارڈر پہنچایا گیا جہاں پر رینجرز حکام نے اپنی کارروائی مکمل کرکے اسے بھارتی حکام کے حوالے کیا۔ یورپی کونسل برائے خارجہ تعلقات نے بھارتی پائلٹ رہا کرنے کے پاکستان کے اقدام کا خیر مقدم کیا ہے، یورپی کونسل کا کہنا ہے کہ بھارتی پائلٹ کی رہائی پاکستان کی جانب سے اچھا شگون ہے اور دونوں ملکوں کے درمیان کشیدگی ختم کرنے کے لیے یہ ہی موقع ہے ۔ابھی نندن کی حوالگی کے موقع پر بھارت کی جانب سے اپنی سرحد پر پرچم اتارنے کی تقریب کو منسوخ کردیا گیا ۔ واہگہ بارڈر پر بھارتی پائلٹ کی حوالگی سے قبل ابھی نندن کا طبی معائنہ بھی کیا گیا۔سفارتی ذرائع کے مطابق بھارتی قائم مقام ہائی کمشنر کی دفتر خارجہ آمد کے موقع پر انہیں بھارتی پائلٹ کی حوالگی سے متعلق آگاہ کیا گیا تھا۔
فیس بک کمینٹ