اسلام آباد : ( گردو پیش رپورٹ) توہین رسالت کیس میں بریت کے بعد رہائی پانے والی آسیہ بی بی کینیڈا پہنچ گئی ہیں ۔ بعض سفارتی ذرائع نےتصدیق کی ہے کہ آسیہ بی بی کینیڈا روانہ ہو گئی ہیں لیکن حکومتی سطح پر ابھی اس کی تصدیق نہیں کی گئی ۔ سی این این کے مطابق آسیہ بی بی کےوکیل سیف الملوک نےبھی اس بات کی تصدیق کی ہےکہ وہ کینیڈا پہنچ چکی ہیں۔ سیف الملوک خود بھی دھمکیاں ملنے کے بعد ملک چھوڑ چکے ہیں۔ پاکستانی دفترِ خارجہ اور وزارتِ اطلاعات کے ذرائع نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے آسیہ بی بی کی روانگی کی تصدیق کی تاہم یہ نہیں بتایا کہ ان کی منزل کیا ہے اور وہ کب ملک سے روانہ ہوئیں۔آسیہ بی بی کے وکیل سیف الملوک ماضی میں یہ کہہ چکے ہیں کہ ان کی دونوں بیٹیاں کینیڈا منتقل ہو چکی ہیں۔توہین مذہب کے الزام میں سزائے موت کی حقدار ٹھہرائے جانے والی آسیہ بی بی کو آٹھ سال قید میں رکھا گیا تھا لیکن گزشتہ برس اکتوبر میں عدالتِ عظمیٰ نے ان الزامات کو غلط قرار دیتے ہوئے انھیں بری کر دیا تھا۔بعدازاں رواں برس کے آغاز میں ان کی بریت کے خلاف دائر اپیل بھی مسترد کر دی گئی تھی۔
فیس بک کمینٹ