اسلام آباد : اسلام آباد اور آزاد کشمیر سمیت ملک کے مختلف شہروں میں زلزلے سے کم از کم 26 افراد جاں بحق جبکہ 300 سے زائد زخمی ہوگئے۔زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت 5.8 ریکارڈ کی گئی اور اس کا مرکز جہلم سے 5 کلو میٹر شمال کی طرف تھا جب کہ گہرائی زیر زمین 10 کلو میٹر تھی۔ زمین میں گہرائی کم ہونے کی وجہ سے قریبی علاقوں میں زیادہ نقصانات کا خدشہ ہے۔سہ پہر 4 بج کر 2 منٹ پر آنے والے زلزلے سے سب سے زیادہ تباہی کی اطلاعات آزاد کشمیر کے علاقے میرپور سے ملی ہیں جہاں متعدد گھروں کو نقصان پہنچا ہے۔
نمائندہ جیو نیوز کے مطابق سڑکیں تباہ ہونے کے باعث کئی علاقوں سے زخمیوں کو اسپتالوں تک پہنچانے میں دشواری کا سامنا ہے۔محکمہ داخلہ آزاد کشمیر نے وزیر اعظم آزاد کشمیر کو زلزلے سے متعلق ابتدائی رپورٹ بھیجی ہے جس کے مطابق زلزلے میں 26 افراد جاں بحق اور 300 سے زائد زخمی ہوئے۔اسپتال ذرائع کے مطابق جاں بحق افراد میں 2 خواتین اور ایک بچی بھی شامل ہے۔سڑکوں میں بڑے بڑے شگاف پڑ گئے ، گاڑیاں ان میں الٹ گئیں ۔ میرپور کے علاقے جاتلاں سے موصول ہونے والی ویڈیوز اور تصاویر میں شدید تباہی کے مناظر کو دیکھا جا سکتا ہے۔ وہاں پر متعدد سڑکوں میں بڑے بڑے شگاف پڑ گئے ہیں اور متعدد گاڑیاں ان میں الٹ گئی ہیں۔
ڈپٹی کمشنر میر پور آزاد کشمیر راجہ قیصر نے زلزلے کے نتیجے میں ایک خاتون کی بھی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔ان کا کہنا ہے کہ بڑی تعداد میں لوگ زخمی بھی ہیں تاہم ان کی تعداد کے بارے میں حتمی طور پر کچھ نہیں کہا جاسکتا۔راجہ قیصر کا کہناتھا کہ پاک فوج ، این ڈی ایم اے، پی ڈی ایم اے اور دیگر ریسکیو اداروں نے اپنا کام شروع کردیا ہے اور نقصانات کے حوالے سے معلومات اکٹھی کی جارہی ہیں ۔ وزیراعظم عمران خان نے زلزلے کے نتیجے میں ہونے والے نقصانات پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔ وزیر اعظم نے متاثرہ علاقے میں ریلیف کے سلسلے میں متعلقہ محکموں کو ہر قسم کی معاونت کی فوری فراہمی کی ہدایت کی ہے۔خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان اِن دنوں امریکا میں موجود ہیں جہاں وہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کریں گے۔
آرمی چيف کی ہدایت پر فوج کے دستے اور میڈيکل اسٹاف متاثرہ علاقوں میں پہنچ گئے دوسری جانب آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاک فوج کو فوری طور پر میرپور میں زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں امدادی کمک پہنچانے کی ہدایت کی ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چيف کی ہدایت پر سول انتظامیہ کی مدد کے لیے آرمی کے دستے اور میڈيکل اسٹاف روانہ کیا گیا جو متاثرہ علاقوں میں پہنچ گئے ہیں۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ آرمی ایوی ایشن ہیلی کاپٹرز نے میرپور میں نقصانات کا فضائی جائزہ مکمل کرلیا، جڑی کس اور چاتلاں کے علاقوں میں فضائی جائزہ لیا گیا۔پاک فوج کے دستوں نے متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں شروع کردی ہیں جن میں میرپور، جاتلاں اور جری کس کے علاقے شامل ہیں۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ امدادی سرگرمیاں رات بھر جاری رہیں گی۔
( بشکریہ جیو نیوز )