اسلام آباد:چیئرمین سینیٹ اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کا ہوگا یا حکومت کا؟ فیصلہ آج ہوگا۔
اپوزیشن اتحاد کے پاس 51 ارکان کی اکثریت جبکہ حکومتی اتحاد کے پاس 47 اراکین ہیں، جماعت اسلامی نے کسی کو بھی ووٹ نہ دینے کا اعلان کیا ہے۔
گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس کے مظفر شاہ سینیٹ اجلاس کے لیے پریزائیڈنگ افسر ہوں گے۔
صدر مملکت نے سینیٹ کا اجلاس آج صبح 10 بجے طلب کرلیا ہے۔ پہلے 48 نومنتخب سینیٹرز عہدے کا حلف لیں گے جس کے بعد اجلاس ملتوی کر دیا جائے گا۔
اجلاس ملتوی کیے جانے کے بعد چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے کاغذات نامزدگی جمع کیے جائیں گے۔
بعد میں شام کو اجلاس کی دوبارہ کارروائی کا آغاز ہو گا جس میں ایوان بالا کے چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین کو منتخب کیا جائے گا۔ چیئرمین و ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کا انتخاب خفیہ رائے شماری کے ذریعے کیا جائے گا۔
مظفر شاہ نو منتخب ارکان سے حلف لیں گے اور چیئرمین سینیٹ کا انتخاب کروائیں گے جس کے بعد نو منتخب چیئرمین ڈپٹی چیئرمین کا انتخاب کروائیں گے اور پھر ڈپٹی چیئرمین سے حلف لیں گے۔
خیال رہے کہ پی ڈی ایم نے چیئرمین سینیٹ کے لیے یوسف رضا گیلانی اور ڈپٹی چیئرمین کےلیے عبدالغفور حیدری کے کاغذات نامزدگی حاصل کرلیے ہیں۔
حکومت کی جانب سے صادق سنجرانی چیئرمین سینیٹ اور خیبر پختونخوا سے تعلق رکھنے والے مرزا محمد آفریدی کو ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نامزد کیا گیا ہے۔
اس سے قبل سینیٹ میں چیئرمین کا عہدہ حکومتی حمایت یافتہ صادق سنجرانی اور ڈپٹی چیئرمین کا عہدہ پیپلز پارٹی کے سلیم مانڈوی والا کے پاس تھا۔
(بشکریہ: جیونیوز)
فیس بک کمینٹ