کوئٹہ: بلوچستان کے شہر مستونگ میں دھماکے کے نتیجے میں ابتدائی اطلاعات کے مطابق 10 افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔ زخمیوں میں ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مولانا عبدالغفور حیدری بھی شامل ہیں جن کی حالت خطرے سے باہر ہے لیویز ذرائع کے مطابق دھماکا ڈپٹی چیئرمین سینیٹ عبدالغفور حیدری کے قافلے کے قریب ہوا۔ دھماکے کے زخمیوں کو سول ہسپتال مستونگ منتقل کردیا گیا، جہاں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق دھماکے کے نتیجے میں متعدد گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا۔ دھماکے کی اطلاع ملتے ہی لیویز اور ایف سی اہلکار جائے وقوع پر پہنچے اور علاقے کو گھیرے میں لے کر تحقیقات کا آغاز کردیا گیا۔ دھماکے کی نوعیت کے حوالے سے متضاد اطلاعات سامنے آرہی ہیں اور ابھی تک اس بات کی تصدیق نہیں ہوسکی کہ دھماکا خودکش تھا یا ریموٹ کنٹرول کے ذریعے کیا گیا۔ مولانا عبدالغفور حیدری جمعیت علمائے اسلام (ف) سے تعلق رکھتے ہیں، پارٹی ذرائع کے مطابق مولانا اپنے ساتھیوں سمیت دستار بندی کی تقریب میں جا رہے تھے کہ ان کے قافلے کو نشانہ بنایا گیا۔
فیس بک کمینٹ