گوادر : گوادر میں نامعلوم افراد نے ہفتہ کے روز اندھا دھند فائرنگ کر کے پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے پر کام کرنے والے 10 مزدور قتل کر دئے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق فائرنگ سے متعدد افراد زخمی بھی ہو گئے ۔ ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے ۔ ابتدائی طور پر موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق فائرنگ گوادر کے علاقے پشگان میں تعمیراتی کام کرنے والے مزدوروں پر کی گئی۔ وزیرداخلہ بلوچستان سرفراز بگٹی نے اس بات کی تصدیق کی کہ واقعے میں 10 مزدور ہلاک اور دیگر زخمی ہوئے ہیں۔ لیویز حکام کے مطابق مزدور ایک سڑک کی تعمیر میں مصروف تھے جب مسلح افراد نے انہیں فائرنگ کا نشانہ بنایا۔ ہلاک ہونے والے مزدوروں کی لاشوں اور زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال گوادر منتقل کیا گیا جبکہ ہسپتال میں ایمرجنسی بھی نافذ کردی گئی۔ لیویز حکام کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے بعد حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے جبکہ کسی گروپ کی جانب سے واقعے کی ذمہ داری بھی قبول نہیں کی گئی۔ گوادر میں یہ حملہ ایک ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب وزیراعظم پاکستان نواز شریف چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ کے ہمراہ چین کے دورے پر موجود ہیں۔ خیال رہے کہ گزشتہ روز بھی بلوچستان کے شہر مستونگ میں ڈپٹی چیئرمین سینیٹ عبدالغفور حیدری کے قافلے کے قریب دھماکا ہوا تھا جس کے نتیجے میں 25 افراد جاں بحق جبکہ جمعیت علمائے اسلام (ف) کے رہنما سمیت 42 افراد زخمی ہوگئے تھے۔
فیس بک کمینٹ