پشاور : شمالی وزیرستان میں دو ہفتوں کے دوران دہشت گردوں کے چوتھے بڑے حملے میں سیکنڈ لیفٹیننٹ معید سمیت دو جوان شہید ہو گئے ۔ سرکاری ذرائع نے بتایا ہے کہ’یہ کل رات پونے گیارہ بجے کا واقعہ ہے جب فورسز کی گاڑی احمد خیل بویا سے علی خیل کی جانب جا رہی تھی جہاں عارف نامی ایک سپاہی بیمار تھا اور انھیں محفوظ مقام پر پہنچانا مقصود تھا ۔ راستے میں نا معلوم افراد نے ان پر حملہ کیا ۔‘سیکنڈ لیفٹیننٹ عبدالمعید کا تعلق بورے والا سے تھا اور وہ دو ماہ قبل اکتوبر میں پاکستان ملٹری اکیڈمی میں تربیت مکمل کر کے شمالی وزیرستان میں تعینات ہوئے تھے۔ یہ ان کی پیشہ ورانہ زندگی کی پہلی اور آخری لڑائی ثابت ہوئی جبکہ اکیس سالہ سپاہی بشارت نے تین سال قبل پاک فوج میں شمولیت اختیار کی تھی۔پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ،آئی ایس پی آر کے مطابق شمالی وزیرستان کے پہاڑی سلسلے میں گھات لگائے شدت پسندوں نے پاکستانی فوج کی گاڑی پر فائرنگ کی۔ فائرنگ سے فوجی قافلے میں دو سپاہی زخمی بھی ہوئے۔ اس حملے کی ذمہ داری کالعدم تحریک طالبان پاکستان نے قبول کی ہے۔پشاور اور شمالی وزیرستان ایجنسی میں دو ہفتوں کے دوران یہ چوتھا بڑا حملہ ہے اور ان حملوں میں ہلاکتوں کی کل تعداد اٹھارہ سے زیادہ ہو گئی ہے۔