مانی پور : 29 اپریل کو شمالی مشرقی بھارت میں مانی پور کے ایک دور افتاد گاؤ ں کو جب بجلی کی فراہمی شروع ہوئی تو ہندوستان میں یہ ایک تاریخ ساز دن تھا۔آج ہندوستان کے ہر گاؤ ں تک بجلی کی رسائی ہے۔ یاد رہے کہ اگست 2015 میں ہندوستان کے وزیراعظم نریندرا مودی نے وعدہ کیا تھا۔کہ وہ ایک ہزار دنوں میں انڈیا کے ہرگاؤ ں میں بجلی پہنچائیں گے۔ اگر چہ آج بھی ہندوستان کے ہر گھرانے کے پاس بجلی کی فراہمی نہیں تاہم اپنا وعدہ پورا کر کے مودی نے انڈیا کو ترقی کی راہوں میں ڈال دیا ہے۔2014میں جب مودی نے انتخاب میں کامیابی حاصل کی تو ان کا انتخابی وعدہ انڈیا کو جدید دور میں لے جانے کا تھا۔ ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی کہا تھاکہ وہ عام آدمی کےمعیار زندگی کو بہتر بنائیں گے۔اس وقت بھارت میں 27کروڑ افراد بغیر بجلی کے رہتے تھے ۔ملک کے ایک تہائی آبادی کی بجلی تک عدم رسائی کے باعث معاشی ترقی ناممکنات میں سے تھی ۔اس کے علاوہ توانائی کی عدم دستیابی تعلیم اور صحت سے متعلق سہولیات پر بھی اثر انداز ہوتی ہے۔اگر چہ انڈیا میں کرنے کو ابھی بہت ساکام باقی ہے ۔کیونکہ جن دیہات کو بجلی مہیا کی گئی ہے۔وہاں صرف دس فیصد گھروں کو کنکشن دیئے گئے ہیں ۔جبکہ مفاد عامہ کے مقامات جیسے سکولوں ،کالج ،ہسپتال اور متعدد سرکاری دفاتر کو مکمل طور پر بجلی فراہمی کی جا رہی ہے۔انڈیا کے کروڑوں افراد آج بھی بغیر بجلی کے گزارہ کر رہے ہیں ۔اور روشنی کے لئے ان کا انحصار مٹی کے تیل سے روشن لالٹین پرہے جس کا استعمال خطرے سے خالی نہیں۔
بھارت کی 29ریاستوں میں سے صرف 6ریاست ایسی ہیں۔ جہاں ہر گھر میں مکمل طور پر بجلی دستیاب ہے۔متعدد ریاستوں میں کئی کئی گھنٹے لوڈشیڈنگ بھی معمول ہے اور ٖغربت کی ماری ایک بڑی آبادی کےلئے بجلی کے بلوں کی ادائیگی بھی وبال ہے۔بھارتی وزیر اعظم کا کہنا ہے کہ وہ دسمبر 2018تک ہندوستان کے تمام گھروں تک بجلی پہنچانے کے لئے پرعزم ہیں۔ نریندرامودی مشکل چیلنج کو قبول کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں ۔ الیکشن میں چند ماہ باقی ہیں اور بھارت کے وزیراعظم نے اپنے ہدف کے حصول کے لئے اڑھائی ارب ڈالر کے منصوبے کااعلان کیا ہے۔اس ہدف کا حصول خاصہ مشکل دکھائی دیتا ہے۔بھارت کی ریاست اترپردیش میں 44 فیصد گھر آج بھی بجلی سے محروم ہیں ۔اور ہندوستان کی پارلیمنٹ میں اس ریاست کی نمائندگی سب سے زیادہ ہوتی ہے۔حکمران پارٹی پر امید ہے۔کہ اگر ہندوستان کے ہر گھرانے کوبرقی کنکشن مل جاتا ہے توبھارت ہی نہیں ۔بی جے پی کاسیاسی مستقبل بھی خاصہ روشن دکھائی دیتا ہے۔