ہوسٹن : امریکی شہر ہوسٹن میں قائم پاکستانی سفارت خانے کا کہنا ہے کہ عافیہ صدیقی کی موت کی خبریں بے بنیاد ہیں ۔ قونصل جنرل عائشہ فاروقی نے ریاست ٹیکساس میں واقع جیل ایف ایم سی کارسویل میں پاکستانی شہری عافیہ صدیقی سے ملاقات کی جو کہ دو گھنٹے جاری رہی۔سفارت خانے کی جانب سے جاری کردہ تحریری اعلامیے میں کہا گیا کہ حالیہ دنوں میں ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی موت کے حوالے سے گردش کرنے والی افواہیں مکمل طور پر غلط ہیں اور یہ پاکستانی کونسل جنرل کی عافیہ صدیقی سے گذشتہ 14 ماہ میں چوتھی ملاقات تھی۔واضح رہے کہ پاکستانی شہری ڈاکٹر عافیہ صدیقی کو 2010 میں امریکی عدالت نے افغانستان میں امریکی فوجیوں پر حملہ کرنے کی پاداش میں 86 سال قید کی سزا سنائی تھی۔عافیہ صدیقی کی موت کے بارے میں افواہیں حال ہی میں اس وقت سامنے آئی ہیں جب پاکستانی ڈاکٹر شکیل آفریدی کی ممکنہ طور پررہائی کے حوالے سے خبر گرم ہے۔
فیس بک کمینٹ