اسلام آباد : پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دو طرفہ تعلقات کشیدگی کے بعد بہتر ہونا شروع ہو گئے ہیں اور پاکستان کی سفارتی کوششوں کے بعد سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے وزیر اعظم عمران خان کو سعودی عرب کے دورے کی دعوت دے دی ہے جو فوری طور پر قبول کر لی گئی ہے ۔ ترجمان دفتر خارجہ نے تصدیق کی ہے کہ وزیر اعظم جلد سعودی عرب کا دورہ کریں گے ۔
سفارتی ذرائع کے مطابق سعودی ولی عہد نے وزیر اعظم عمران خان کو 29 مارچ کو فون پر دورے کی دعوت دی ۔ موجودہ اقتصادی بحران میں اس دورے کو پاکستان کی معیشت کی بحالی کے تناظر میںبہت اہم سمجھا جا رہا ہے ۔ ادھر پاکستان کے دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے وزیر اعظم عمران خان کو فون کرکے دورہ سعودی عرب کی دعوت دی ہے۔
دفتر خارجہ میں ہفتہ وار بریفنگ کے دوران ترجمان زاہد حفیظ چوہدری کا کہنا تھا کہ ’اس گفتگو کے دوران وزیراعظم نے سعودی ولی کی جانب سے حال ہی میں اعلان کیے گئے گرین سعودی عرب اور گرین مڈل ایسٹ اقدامات کو سراہا۔ وزیر اعظم نے 10 ارب سونامی منصوبے اور ماحولیاتی مسائل پر قابو پانے کے لیے اس کے اثرات کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔ ترجمان کے مطابق وزیر اعظم نے امید ظاہر کی کہ دونوں ممالک اس شعبے میں ایک دوسرے کے تجربات سے مستفید ہوسکیں گے۔
دوران گفتگو دونوں رہنماؤں نے باہمی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
ترجمان نے بتایا کہ بحرین کے ولی عہد پرنس سلمان بن حماد بن عیسیٰ الخلیفہ نے بھی وزیر اعظم عمران خان کو ٹیلی فون کیا۔ اس گفتگو کے دوران دونوں رہنماؤں نے باہمی تعلقات اور علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا۔
ترجمان نے کہا کہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بھی اپنے سعودی ہم منصب شہزادہ فیصل بن فرحان سمیت متحدہ عرب امارات اور چین کے وزرائے خارجہ سے ٹیلی فون پر رابطے کیے۔ سعودی ہم منصب سے گفتگو میں وزیر خارجہ نے جی سی سی ممالک میں اختلافات کے خاتمے کے لیے سعودی عرب کے کردار کو سراہا۔ وزیر خارجہ نے باالخصوص یمن میں قیام امن کے لیے مذاکرات اور سفارتی کاری کا راستہ اپنانے اور اس سلسلے میں سعودی اقدام کی بھرپور تعریف کی۔
فیس بک کمینٹ