سنچورئین : پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان کھیلے جانے والے پہلے میچ میں پاکستان نے جنوبی افریقہ کو آخری اوور کی آخری گیند پر شکست دے دی ہے۔ جنوبی افریقہ نے پہلے کھیلتے ہوئے پاکستان کو 274 رنز کا ہدف دیا تھا جو پاکستان نے میچ کی آخری بال پر حاصل کیا۔ پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ آج سنچوریئن کے سُپر سپورٹس پارک میں کھیلا گیا، جہاں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا۔جنوبی افریقہ نے 50 اوورز کے اختتام پر چھ وکٹوں کے نقصان پر 273 رنز بنائے۔ جنوبی افریقہ کی اننگز کی خاص بات راسی وینڈر ڈوسن کی سینچری تھی۔
میچ میں بابر اعظم کی سنچری اور امام الحق کی نصف سنچری کی بدولت پاکستان نے میچ پر اپنی گرفت مضبوط کی۔ بابر اعظم نے ایک روزہ میچز میں اپنی 13 ویں سینچری مکمل کی۔ بابر اعظم کو پلئیر آف دی میچ قرار دیا گیا۔ بابر اعظم سنچری سکور کرنے کے بعد جلد آؤٹ ہوگئے۔ بابر اعظم کے فوراً بعد پاکستان کی آدھی ٹیم پویلین لوٹ گئی۔ پھر اس مشکل صورتحال میں محمد رضوان اور شاداب خان کے درمیان 50 رنز سے زائد کی شراکت پاکستان کو جیت کے قریب لے گئی۔
پاکستان کے آؤٹ ہونے والے پہلے بیٹسمین فخر زمان تھے جو آٹھ رنز بنا کر ربادا کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔ پاکستان کو دوسرا نقصان کپتان بابر اعظم کی صورت میں اٹھانا پڑا۔ امام الحق کی وکٹ بھی ربادا کے حصے میں آئی۔ اپنا پہلا میچ کھیلنے والے دانش عزیز بھی وکٹ پر زیادہ دیر نہ ٹھہر سکے اور چھ گیندوں پر صرف تین رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ آصف علی آؤٹ ہونے والے پانچویں کھلاڑی تھے۔ چھٹے آؤٹ ہونے والے بیٹسمین محمد رضوان تھے جو 40 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
جنوبی افریقہ کی اننگز
جنوبی افریقہ کے لیے بیٹنگ کا آغاز کرنے کے لیے کوئنٹن ڈی کاک اور ایڈن مارکرم آئے اور پہلے پانچ اوورز میں دونوں بلے بازوں نے 34 رنز کی اچھی شراکت قائم کر لی تھی۔ تاہم آغاز میں نئی گیند سے وکٹیں لینے کے لیے مشہور شاہین آفریدی نے پہلے کوئنٹن ڈی کاک اور پھر ایڈن مارکرم کو آؤٹ کر کے میچ کے آغاز میں پاکستان کو برتری دلوا دی۔ دوسری جانب 20 سالہ محمد حسنین نے جنوبی افریقہ کے کپتان ٹیمبا بووما کی اہم وکٹ حاصل کر کے جنوبی افریقہ کی جانب سے پاور پلے میں جارحانہ آغاز کی امید ختم کر دی۔ تین کھلاڑی آؤٹ ہونے کے بعد جنوبی افریقہ کے ہینرک کلاسن اور وینڈر ڈوسن نے محتاط انداز اپنایا اور شراکت قائم کرنے کی کوشش بھی کی۔ اس دوران آصف علی نے ہینرک کلاسن کا ایک مشکل کیچ بھی چھوڑا جو پاکستان کے لیے زیادہ نقصان دہ ثابت نہ ہو سکا کیونکہ وہ صرف ایک رنز بنانے کے بعد فہیم اشرف کی گیند پر آؤٹ ہو گئے۔ پاکستان کے لیے آج کراچی سے تعلق رکھنے والے بائیں ہاتھ کے بلے باز دانش عزیز نے ڈیبیو کیا۔ دانش نے گذشتہ چند ماہ کے دوران ڈومیسٹک کرکٹ میں اچھی پرفارمنس کا مظاہرہ کیا ہے۔ پاکستان کے کپتان بابر اعظم کا ٹاس کے موقع پر کہنا تھا کہ پچ دیکھنے میں آغاز میں بولنگ کے لیے موزوں لگ رہی اور اس میں نمی ہے جس کا وہ فائدہ اٹھانا چاہیں گے۔
( بشکریہ : بی بی سی اردو )