پنجگور : بلوچستان کے ایران سے متصل ضلع پنجگور میں فائرنگ کے دو مختلف واقعات میں دو خواتین سمیت آٹھ افراد ہلاک اور تین افراد زخمی ہو گئے
ہلاک ہونے والے چھ افراد سرکاری حامی بتائے جاتے ہیں جبکہ ہلاک ہونے والی خواتین اور زخمی افراد افغان شہری ہیں۔
پنجگور میں انتظامیہ کے ایک سینیئر اہلکار نے بتایا کہ چھ افراد کی ہلاکت کا واقعہ ایران کے سرحد کے قریب چیدگی کے علاقے میں پیش آیا۔
اہلکار کے مطابق ہلاک ہونے والوں ان افراد میں ضلع پنجگور ہی سے تعلق رکھنے والے حاجی داؤد خان اور ان کے ساتھی شامل تھے جن پر نامعلوم مسلح افراد نے گھات لگا کر حملہ کیا جس میں وہ سب کے سب مارے گئے ۔انھوں نے بتایا کہ مسلح افراد نے ان کی دو گاڑیوں کو بھی نذرآتش کیا ہے۔
انھوں نے بتایا کہ حاجی داؤد خان اور ان کے ساتھیوں کا تعلق پنجگور کے مختلف علاقوں سے تھا اور ان کا شمار سرکار کے حامی افراد میں ہوتا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ واقعے کے محرکات کے بارے میں تحقیقات جاری ہیں تاہم انھوں نے اس واقعے کے حوالے سے ٹارگٹ کلنگ کے امکان کو مسترد نہیں کیا ہے۔
دریں اثنا حکومت بلوچستان نے پنجگور میں پیش آنے والے اس واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
وزیر اعلی بلوچستان کے معاون شاہد رند نے ایک بیان میں کہا ہے کہ مسلح افراد کی جانب سے گاڑی میں سوار بے گناہ شہریوں کو نشانہ بنانا بزدلانہ اور قابل مذمت فعل ہے۔
انہوں نے کہا کہ واقعہ کی مکمل، شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کا حکم دے دیا گیا ہے جبکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ذمہ دار عناصر کی فوری گرفتاری کے لیے خصوصی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔
خیال رہے کہ پنجگور میں 31 جنوری کے بعد سے تشدد کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے اور اب تک پنجگور کے مختلف علاقوں سے نو سے زائد افراد کی تشدد زدہ لاشیں ملی ہیں۔
سینیئر سرکاری اہلکار نے بتایا کہ دو خواتین کی ہلاکت اور تین افراد کے زخمی ہونے کا واقعہ پروم میں پیش آیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ہلاک ہونے والی خواتین اور زخمی افراد افغان شہری ہیں جو کہ پنجگور کے راستے غیر قانونی طور پر ایران جارہے تھے ۔
انھوں نے بتایا کہ جس گاڑی میں یہ لوگ سفر کررہے تھے اسے سیکورٹی فورسز کے اہلکاروں نے رکنے کا اشارہ کیا تھا لیکن گاڑی نہیں رکی بلکہ فرار ہونے کی کوشش کی گئی۔
ان کا کہنا تھا کہ گاڑی کو مشکوک جان کر سیکورٹی فورسز کے اہلکاروں نے فائرنگ کی جس کے باعث گاڑی میں سوار دو خواتین ہلاک اور ایک خاتون سمیت تین افراد زخمی ہو گئے۔
ہلاک ہونے والوں کی لاشوں اور زخمیوں کو ٹیچنگ ہسپتال پنجگور منتقل کیا گیا ہے۔
( بشکریہ : بی بی سی )

