بی بی سیپنجاب

پتریاٹہ کیبل کار میں گھنٹوں پھنسے رہنے والے افراد کی روئیداد ۔۔ محمد زبیر خان

ہفتہ کو طوفان کے سبب جب مری کی پتریاٹہ کیبل کار حادثے کا شکار ہوئی تو ساری رات کیبل کار میں پھنسے رہنے والوں میں لاہور کے چوہدری ریافت اور ان کا خاندان بھی تھا۔ وہ اپنی بیگم، چھوٹی بہن اور تین بچوں کے ہمراہ تقریباً چھے گھنٹے تک فضا میں معلق رہے تھے۔چوہدری ریافت کا کہنا تھا کہ جب کیبل کار میں بیٹھے تھے تو اس وقت ان کی بیگم نے آپریٹر سے پوچھا تھا کہ یہ محفوظ تو ہے نا، جس پر انتظامیہ نے کہا تھا کہ یہ بالکل محفوظ ہے اور روزانہ اس کی چیکنگ ہوتی ہے۔
’ابھی ہم کیبل کار ہی میں تھے کہ تیز طوفان شروع ہو گیا۔ بیگم نے پھر اس سے کہا کہ طوفان بہت شدید ہے، ہم لوگ اترنا چاہتے ہیں جس پر آپریٹر نے کہا کہ اب کیبل کار سے اترنا ممکن نہیں ہے اور یہ کہ سفر جاری رکھنے کے علاوہ اب کوئی راستہ نہیں بچا۔’

وہ کہتے ہیں کہ ان کے ساتھ کیبن میں کل آٹھ لوگ تھے جن میں ایک نیا شادی شدہ جوڑا بھی تھا۔ شدید طوفان میں جب کیبل کار تھوڑی دیر چلی تو یک دم جھٹکا لگا اور ان کے ایک بچے کا سر کیبن کے شیشے پر جا کر لگا جبکہ دوسرے بچے گر گئے۔
’میری بیگم جو دروازے کے ساتھ تھیں، وہ بھی کیبن کی زمین پر گر گئیں۔ میں نے فوراً بچوں اور بیگم کو اٹھایا۔ کیبن کے سارے شیشے ٹوٹ چکے تھے جبکہ بچے خوف سے چیخ رہے تھے۔ ہمیں توقع تھی کہ شاید اندھیرا پھیل جانے سے پہلے ہی کوئی مدد آ جائے مگر ایسا ممکن نہ ہو سکا۔’
’تھوڑی دیر بعد ہمیں محسوس ہوا کہ لوگ امدادی سرگرمیاں شروع کررہے ہیں مگر اندھیرا پھیل جانے کے بعد تک بھی وہ کسی کی مدد کو نہیں پہنچ سکے تھے۔ ایسے میں کبھی کبھار کسی کیبن سے خوفناک چیخ کی آواز آتی تو ہمارے ساتھ موجود خواتین اور بچوں میں سے بھی کوئی چیخ اٹھتا تھا۔’چوہدری ریافت کی اہلیہ کا کہنا تھا کہ جب ان کے حواس قابو میں آئے تو انہوں نے اپنے دو کم عمر بچوں کو اپنے ساتھ لپٹا لیا۔ ایسے میں ان کے گھر سے فون آیا تو ایک بچے نے اپنے نانا سے کہا کہ ’نانا ابو جلدی کچھ کریں ایسا نہ ہو کہ ہم سب یہاں ہی مر جائیں۔’


’اس وقت بس ایک ہی خیال تھا کہ اگر مجھے کچھ ہو بھی جاتا ہے تو کوئی بات نہیں مگر میرے بچے کسی طرح بچ جائیں۔ اس صورتحال میں امداد ہم تک پہنچی تو ہم نے اللہ کا کتنا شکر ادا کیا، یہ میں بتا نہیں سکتی۔’
محمد کاشف اور ان کے دوست صوبہ پنجاب کے علاقے لودھراں سے تفریح کے لیے مری پہنچے تھے۔ محمد کاشف نے بی بی سی کو بتایا کہ وہ پانچ دوست تھے جن میں سے دو نے پہلے ہی کیبل کار پر بیٹھنے سے انکار کردیا تھا جبکہ باقی تین دوست کیبل کار میں بیٹھنے پر مصر تھے۔ان کا کہنا تھا کہ جب وہ لوگ شام کے وقت کیبل کار کے مقام پر پہنچے تو موسم بہت سہانا تھا اور لوگ کیبل کار پر بیٹھنے کے لیے لائنوں میں لگے ہوئے تھے۔


کاشف کہتے ہیں کہ ’ابھی ہم لوگ کیبل کار کے پاس پہنچے ہی تھے کہ یک دم طوفان آگیا۔ اس موقع پر میں نے کیبل کار والوں سے کہا کہ اس طوفان میں ہم نے کیبل کار میں نہیں بیٹھنا، تو ان کا کہنا تھا کہ ’بیٹھو بیٹھو، کچھ نہیں ہوتا، ہم لوگ اتنا بڑا پراجیکٹ چلا رہے ہیں ہمیں اچھی طرح معلوم ہے کہ کیا ہوگا اور کیا نہیں۔’ موقع پر موجود انتظامیہ نے ہم سے کہا کہ ’اس موسم میں تو اتنا انجوائے کرو گے کہ تمھاری زندگی کا یادگار سفر بن جائے گا۔’


محمد کاشف کے مطابق ان کے ساتھ موجود ایک خاندان جس میں خواتین اور بچے بھی تھے، ان سے بھی کیبل کار انتظامیہ نے ایسے ہی الفاظ ادا کیے تھے جس کے بعد لوگ بیٹھنا شروع ہوگئے تھے۔ یہ کوئی چھ بجے کا وقت تھا۔ کیبن میں زیادہ سے زیادہ آٹھ لوگوں کی گنجائش تھی مگر انھوں نے 10 لوگوں کو بٹھا دیا تھا۔’ہم لوگ سب سے پہلے والے کیبن پر سوار تھے جو سب سے اوپر پھنسی تھی۔ ابھی کیبل کار تھوڑی دیر ہی چلی ہوگی تو طوفان تیز ہوا اور ایک زوردار جھٹکا لگا۔ ہم سب لوگوں کے سر کیبن کے شیشوں، دیواروں اور دروازوں سے لگے جس سے ایک بندے کا سر پھٹ گیا۔ چند لمحوں کے لیے تو سمجھ ہی میں نہیں آیا کہ کیا ہوا ہے۔ کچھ دیر بعد ہوش آیا تو ہم لوگ فضا میں لٹکے ہوئے تھے۔ ہمارے قریب ہی ایک کیبن سے چیخ و پکار اور کلمے کی آوازیں آ رہی تھیں۔’


ان کا کہنا تھا کہ انہیں معلوم نہیں کہ وہ کتنی اونچائی پر تھے مگر جب انہوں نے نیچے دیکھا تو انہیں زمین نظر نہیں آئی تھی۔ ’بس ایسے لگا کہ اب ہمیں یہاں سے کوئی بھی نہیں اتار سکتا اور موت ہی ہمارا مقدر ہے۔ ہمارے ساتھ کیبن میں موجود لوگوں نے تو اپنے گھروں اور دوستوں کو فون کر کے معافی تلافی بھی شروع کردی تھی۔’ان کا کہنا تھا کہ گھر اور دوستوں کی فون کالز آرہی تھیں، وہ حوصلہ دے رہے تھے کہ ان کو بتایا گیا ہے کہ آپریشن شروع ہے۔ ’رات کے کوئی بارہ بجے کا وقت ہوگا جب میں نے دیکھا کہ پہاڑوں اور قریب ہی واقع گاؤں سے ٹارچ وغیرہ کی روشنی نظر آرہی تھی۔ پھر ریسکیو اہلکاروں کی جانب سے اعلان کیا گیا کہ سب لوگ حوصلہ رکھیں، ہم سے پہلے والے کیبن کے لوگوں کو مدد فراہم کردی گئی ہے اور جلد ہی باقی لوگوں تک بھی پہنچ جائیں گے۔’
(‌بشکریہ : بی بی سی اردو)

فیس بک کمینٹ

متعلقہ تحریریں

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker