خیبر پختونخوا : پشاور کے علاقے حیات آباد میں خودکش دھماکا ہوا ہے جس میں ابتدائی اطلاعات کے مطابق 8 اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔
ڈان نیوز کے مطابق حیات آباد میں یہ دھماکا سیکیورٹی فورسز کی گاڑی کے قریب ہوا جس کے سبب جانی نقصان کا اندیشہ ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق یہ خودکش دھماکا ہے تاہم یہ کہنا قبل از وقت ہو گا کہ اس میں کتنا بارودی مواد استعمال ہوا ہے۔
ایس پی کینٹ وقار رفیق کے مطابق خود حملہ آور نے خود کو گاڑی سے ٹکرا کر دھماکے سے اڑالیا ہے جس کے نتیجے میں گاڑی میں بیٹھے آٹھ اہلکار زخمی ہو گئے اور زخمی اہلکاروں کو ہسپتال منتقل کرنے کے بعد سرچ آپریشن شروع کردیا گیا ہے۔
پولیس، بم ڈسپوزل اسکواڈ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے اور ریسکیو ادارے زخمیوں کو ہسپتال منتقل کررہی ہیں۔
حیات آباد پشاور کے پوش علاقوں میں سے ایک ہے جہاں پولیس چوکی کے ساتھ ساتھ ہسپتال اور سرکاری دفاتر بھی موجود ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ کچھ ماہ سے پشاور اور خیبر پختونخوا علاقے دہشت گردوں کے نشانے پر ہیں جو عموماً سیکیورٹی فورسز کی گاڑیوں اور چوکیوں کو نشانہ بناتے ہیں۔
خیال رہے کہ 20 جون کو خیبر پختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان میں بم دھماکے کے نتیجے میں پاک فوج کے 2 جوان شہید ہوگئے تھے۔
دہشت گردی کی کارروائیوں سے متعلق ایک رپورٹ کے مطابق جنوری 2023 میں بدترین واقعات پیش آئے اور 2018 کے بعد سب سے زیادہ جانی نقصان ہوا، جہاں 134 افراد کی جان چلی گئی۔
اس سلسلے میں سب سے بڑا حملہ جنوری میں کیا گیا تھا جہاں پشاور کی پولیس لائنز کی مسجد میں دلخراش واقعے میں 100 سے زائد افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔
(بشکریہ:ڈان نیوز)
فیس بک کمینٹ