اسلام آباد۔ (اے پی پی):نگران وفاقی وزیر برائے صحت ڈاکٹر ندیم جان نے کہا ہے کہ لاہور کے ماحولیاتی نمونے میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد ملک میں مثبت ماحولیاتی نمونوں کی تعداد 22 ہوگئی ہے۔
پیرکو ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ قومی ادارہ صحت میں قائم پولیو لیبارٹری کے مطابق لاہور میں ملتان روڈ سے لیے گئے سیوریج کے نمونے میں پولیو وائرس پایا گیا ہے جس کے بعد ملک میں مثبت ماحولیاتی نمونوں کی تعداد 22 ہوگئی ہے۔
ڈاکٹر ندیم جان نے کہاکہ لاہور سے رواں سال اب تک چار ماحولیاتی نمونے رپورٹ ہو چکے ہیں جن میں سے تین نمونے جینیاتی طور پر افغانستان میں وائرس سے جڑے ہیں، شہر میں آخری پولیو کیس جولائی 2020 میں رپورٹ ہوا تھا۔
انہو ں نے کہاکہ ملک میں کہیں بھی وائرس کی موجودگی ہمیشہ تشویش کی بات ہے تاہم پاکستان پولیو پروگرام نے حالیہ ماہ میں پولیو سرویلنس کے نظام کو مزید وسیع کیا ہے،رواں سال پولیو لیب نے 1,700 سے زائد ماحولیاتی نمونے ٹیسٹ کیے ہیں جن میں سے 22 مثبت آئے جو تقریباً ایک فیصد ہے۔
وزیر صحت نے کہاکہ ملک میں اب تک دو پولیو کیس رپورٹ ہوئے ہیں، دونوں متاثرہ بچوں کا تعلق خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں سے ہے۔