شارجہ: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے چوتھے ایڈیشن کے 14 ویں میچ میں پشاور زلمی نے ملتان سلطانز کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی۔پشاور زلمی نے 146 رنز کا ہدف آخری اوور کی چوتھی گیند پر 5 وکٹوں کے نقصان پرحاصل کیا۔ شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پشاور زلمی نے ٹاس جیت کر ملتان سلطانز کو بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔ملتان سلطانز کی جانب سے عمر صدیق اور جیمس ونس نے اننگز کا آغاز کیا لیکن ونس بغیر کوئی رن بنائے حسن علی کا شکار بنے جس کے بعد عمر صدیق اور چارلس نے 80 رنز کی شراکت قائم کرکے ٹیم کو سہارا دیا۔81 کے مجموعی اسکور پر عمر صدیق کے آؤٹ ہونے کے بعد باقی 8 کھلاڑی صرف 64 رنز کا اضافہ کرسکے۔سلطانز الیون مقررہ 20 اوورز میں 145 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی جب کہ جانسن چارلس 53، کپتان شعیب ملک 22 رنز بناکر نمایاں رہے۔پشاور زلمی کی جانب سے حسن علی نے 4، ثمین گل، وہاب ریاض، عمید آصف، لیم ڈاؤنسن نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
ملتان سلطانز کے 146 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پشاور زلمی کی اننگز کا آغاز امام الحق اور کامران اکمل نے کیا لیکن پہلے ہی اوور میں کامران اکمل 4 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔ دوسری وکٹ کی شراکت میں امام الحق اور ڈیوڈ میلان نے 68 رنز کی شراکت بناکر ٹیم کی پوزیشن مستحکم کی تاہم 74 کے مجموعی اسکور پر میلان 38 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ پشاور زلمی نے 146 رنز کا ہدف آخری اوور کی چوتھی گیند پر 5 وکٹوں کے نقصان پرحاصل کیا۔ پشاور کی جانب سے امام الحق 52، ڈیوڈ میلان 38 اور پولارڈ 25 رنز بناکر نمایاں رہے۔ سلطانز کی جانب سے جنیدخان اور ڈینئل کرسٹین دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔میچ میں 4 شکار کرنے والے پشاور زلمی کے حسن علی کو شاندار بولنگ پر مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔
فیس بک کمینٹ