دبئی : پی ایس ایل کے 17 ویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد ملتان سلطانز کو دو وکٹوں سے ہرا دیا ۔ میچ کا فیصلہ آخری اوور میں ہوا جب نوجوان حسن خان نے پولارڈ کو مڈ وکٹ پر چھکا لگایا۔ یہ جیت کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مینٹر سر ووین رچرڈز کے لیے ان کی سالگرہ پر ایک خوبصورت تحفہ ہے۔قبل ازیں کپتان شعیب ملک کی جارحانہ بیٹنگ کی بدولت ملتان سلطانز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو فتح کیلئے 153 رنز کا ہدف دیا ۔ملتان سلطانز کی اننگز کی کا آغاز کچھ اچھا نہ تھا اور اننگز کی پہلی ہی گیند پر کمار سنگاکارا پویلین لوٹ گئے جبکہ احمد شہزاد بھی صرف ایک رن بنانے کے بعد انور علی کو وکٹ دے بیٹھے۔تین رنز پر دو وکٹیں گرنے کے بعد صہیب مقصود کا ساتھ نبھانے سہیل تنویر آئے اور دونوں کھلاڑیوں نے 38 رنز کی شراکت قائم کر کے ٹیم کو بہتر پوزیشن میں پہنچا دیا، سہیل تنویر 19 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔صہیب مقصود نے دوسرا اینڈ سنبھالے رکھا اور کپتان شعیب ملک کے ساتھ مل کر اسکور 81 تک پہنچایا لیکن بین لافلن کے خلاف وکٹوں کے سامنے پیڈ لانے کی پاداش میں وہ آؤٹ قرار دیے گئے جبکہ روز وائٹلی نے 16 رنز بنائے۔تاہم کپتان شعیب ملک جارحانہ موڈ میں نظر آئے اور 43 گیندوں پر تین چھکوں اور چار چوکوں کی مدد سے 65 رنز بنا کر اپنی ٹیم کو معقول مجموعے تک رسائی دلائی۔ملتان سلطانز نے مقررہ اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 152 رنز بنائے۔اس سے قبل کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر ملتان سلطانز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔
فیس بک کمینٹ