اسلام آباد : پی ٹی وی، پارلیمنٹ حملہ کیس میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی (اے ٹی سی) عدالت میں پیش ہو کر صدارتی استثنیٰ نہ لینے درخواست دائر کر دی۔اے ٹی سی کے جج محمد علی وڑائچ نے سماعت کی جس میں صدر عارف علوی، وزیراعظم کے مشیر برائے پارلیمانی امور بابر اعوان کے ہمراہ میں پیش ہوئے۔
خیال رہے کہ انسداد دہشت گردی عدالت نے کیس میں بریت کی درخواستوں پر فیصلہ محفوظ کر رکھا ہے جو 9 مارچ کو سنایا جائے گا۔اس موقع پر صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ پاکستان کا قانون مجھے استثنیٰ دیتا ہے، میں اپنے اس استثنیٰ کو ختم کرتا ہوں، یہاں کسی کے درمیان کوئی فرق نہیں ہونا چاہیے، قانون کی نظر میں سب برابر ہونے چاہیں۔
صدر مملکت کا کہنا تھا کہ مجھے پتاچلا کہ عدالت فیصلہ اپنا فیصلہ تحریر کرنے لگی ہے تو عدالت میں پیش ہوا، مجھ پر صدر بننے کے بعد سیالکوٹ میں مقدمہ بنایا گیا، میں نے استثنی نہیں لیا بلکہ اپنا وکیل پیش کیا اور مقدمہ جیت لیا تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ جب تک عدالت کے سامنے تمام شہری برابر نہیں ہوں گے پاکستان میں انصاف تاخیر سے ملے گا، پوری عدلیہ سے درخواست ہے کہ فیصلے جلدی کیے جائیں، جلد فیصلے نہ ہونے کے باعث کئی نسلوں تک مقدمے چلتے ہیں، مجھے معلوم ہے کہ عدالت کے اوپر بوجھ بہت ہے۔
( بشکریہ : ڈان نیوز )
فیس بک کمینٹ