نئی دہلی:نام ور پنجابی گلوکار سدھو موسے والا کو اتوار کے روز پنجاب کے مانسا ضلع کے جواہر پور گاؤں میں گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا۔فائرنگ میں ان کے دو ساتھی شدید زخمی ہوئے تاہم سدھو ہسپتال پہنچنے سے پہلے دم توڑ گئے ۔
سدھو نے مانسا سے کانگریس کے ٹکٹ پر اسمبلی الیکشن لڑا تھا۔ انہیں ڈاکٹر وجے سنگلا نے شکست دی۔جمعہ کو پنجاب پولیس نے سدھو موسے والا سمیت 424 افراد کی سیکیورٹی واپس لینے کا حکم دیا تھا۔
پنجاب کے ضلع مانسہ کے گاؤں موسیٰ سے تعلق رکھنے والے، سدھو نے اپنے کیریئر کا آغاز "جی ویگن” کے عنوان سے ایک گانے سے کیا۔ 2018 میں، انہوں نے اپنا پہلا البم جاری کیا، جو بل بورڈ کینیڈین البمز چارٹ پر 66 ویں نمبر پر تھا۔ 2020 میں، سدھو کو دی گارڈین نے ٹاپ 50 نئے فنکاروں میں شامل کیا۔
دسمبر 2021 میں سدھو موسے والا نے بھارتی پنجاب کے وزیراعلیٰ چرنجیت سنگھ چنی اور نوجوت سنگھ سدھو کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کانگریس میں شامل ہونے کا اعلان کیاتھا۔
اس موقع پر گلوکار نے کہا کہ وہ اپنے لوگوں کے لئے آواز اٹھانا چاہتے ہیں، یہ میری پہلی پریس کانفرنس ہے، تین سال پہلے میں نے گانا شروع کیا تھا اور اب ایک نیا قدم اٹھا رہا ہوں۔
یاد رہے کہ سدھو موسے والا کو اپنے گانوں میں مبینہ طور پر تشدد اور بندوق کے کلچر کو فروغ دینے پر تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا۔گلوکار اور 6پولیس اہلکاروں سمیت 9افراد کے خلاف 5 مئی 2020 کو دھوری صدر پولیس سٹیشن میں تعزیرات ہند کی دفعہ 188 اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ ایکٹ کے سیکشن 51 کے تحت ایک ویڈیو پر مقدمہ درج کیا گیا تھا جس میں گلوکار کو نجی ہتھیار سے فائرنگ کرتے ہوئے دکھایا گیا تھا۔
واضح رہے کہ سدھو موسے والا کا اصل نام شبھدیپ سنگھ سدھو تھا جن کا تعلق مانسا ضلع کے موسا گاؤں سے تھا اور ان کی والدہ گاؤں کی سربراہ ہیں۔
فیس بک کمینٹ