ملتان : اے پی پی ۔۔ نامورصحافی ،افسانہ نگار ،محقق اورپنجابی زبان وادب کے حوالے سے منفرد شناخت رکھنے والے ڈاکٹرحنیف چوہدری طویل علالت کے بعد جمعرات کے روز ملتان میں انتقال کرگئے ۔ان کی عمر 93برس تھی ۔
حنیف چوہدری 10اکتوبر1930کو ضلع جالندھر کی تحصیل نکودر میں پیداہوئے ۔ان کے والد چوہدری غلام محمد سکول ٹیچرتھے ۔قیام پاکستان کے بعد حنیف چوہدری پہلے فیصل آباد اورپھربوریوالاآئے ۔بعدازاں تلاش رزق کے لئے انہوں نے ملتان کو مسکن بنایا ۔1948میں انہوں نے میٹرک کاامتحان پاس کیا ،منشی فاضل کاامتحان دے کر 1958میں ایف اے اور1960میں بی اے کاامتحان پاس کیا۔1971میں انہوں نے پنجابی اور1974میں اردومیں ایم اے کیا ۔2011میں ”خواجہ فرید کی سرائیکی کافیوں پرسندھی اورپنجابی کے لسانی اثرات “کے موضوع پر ایم فل کیا۔بعدازاں انہوں نے ”کلام علی حیدر کااسلوب “کے موضوع پرعلامہ اقبال اوپن یونیورسٹی سے پی ایچ ڈی کے لئے تحقیقی مقالہ تحریرکیااورانہیں اوپن یونیورسٹی کے معمر ترین طالبعلم ہونے کابھی اعزاز حاصل رہا۔
1948میں حنیف چوہدری میٹرک کے بعد محکمہ حیوانات ملتان میں کلرک بھرتی ہوئے ،1952میں وہ محکمہ ٹیلی فون میں آپریٹرتعینات ہوئے ۔1954میں محکمہ زراعت میں کلرک کی حیثیت سے کام کیا اورپھر1969میں روزنامہ امروز ملتان میں پروف ریڈرکی حیثیت سے صحافتی کیریئرشروع کیاوہ 1990تک وہاں سینئر سب ایڈیٹرکی حیثیت سے فرائض سرانجام دیتے رہے ۔2001میں وہ زکریایونیورسٹی کے شعبہ سرائیکی سے منسلک ہوئے کچھ عرصہ تحقیقی فرائض انجام دینے کے بعد فیصل آباد یونیورسٹی میں تدریس کے شعبہ سے وابستہ ہوگئے ۔انہوں نے پوری زندگی زبان وادب کی خدمت کے لئے وقف رکھی ۔10اکتوبر 2019کوادبی بیٹھک ملتان میں ان کی سالگرہ کی تقریب منعقدہوئی جس میں انہیں بھرپورخراج تحسین پیش کیاگیا۔اردوپنجابی اورگورمکھی میں ان کی کئی کتابیں شائع ہوئیں جن میں اردوناول ،ان ستاروں سے پوچھو،ویرانے ،پہاڑی کاپتھرقابل ذکرہیں ۔خزاں کے نام سے ان کاناولٹ اوربھارت یاتراکے نام سے اردوسفرنامہ بھی شائع ہوا ۔تحقیقی کتابوں میں مطالعہ فرید کانیارخ ،ملتان کے صحافتی دفینے ،گرنتھ میں بابا فرید کے اشلوک ،خواجہ فرید کی سرائیکی کافیوں پرسندھی پنجابی کے اثرات ،پنجابی کہانیوں کے مجموعے کچ دی گڈی ،لوہے داسپاہی ،دوجہ بٹواراشامل ہیں ۔پنجابی زبان کے فروغ کی تحریک کے دوران انہیں افضل احسن رندھاوا ،شفقت تنویر مرزااورراجہ رسالو کے ہمراہ گرفتاربھی کیاگیا۔حنیف چوہدری نے مختلف پنجابی رسائل کے مدیر بھی رہے اس کے علاوہ پنجابی ادبی سنگت ملتان ،پنجابی پرھیا،پنجابی رائٹرزفورم اورپنجابی ادبی بورڈ کے بھی عہدیداررہے ۔انہیں پلاک ،ملتان ٹی ہاﺅس ،سخن ورفورم سمیت مختلف اداروں کی جانب سے مختلف اعزازات سے بھی نوازاگیا۔
فیس بک کمینٹ